سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ معروف مصور جمی انجینئر کے بے مثال فن پارے ان کی آرٹ کے شعبے میں بے مثال تخلیقی صلاحیتوں اور فنکارانہ صلاحیتوں کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمی انجینئر نے اپنے فن پاروں کے ذریعے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے جو خدمات سر انجام دی ہیں وہ قابل قدر اور قابل ستائش بناتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اسلام آباد میں نیشنل کونسل آف آرٹ میں معروف آرٹسٹ اور سماجی کارکن جمی انجینئر کی تصوری نمائش کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سپیکرقومی اسمبلی نے مزید کہا کہ جمی انجینئر نے اپنی پینٹنگز کے ذریعے جس طرح پاکستانی ثقافت کو اجاگر کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ جمی انجینئر کو مصوری کے شعبے میں ایک منفرد مقام حاصل ہے، انہوں نے اپنے فن پاروں کی بدولت پاکستان کا نام پوری دنیا روشن کیا۔انہوں نے کہا کہ جمی انجینئر ایک مصور ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین انسان بھی ہیں۔انہوں نے آرٹ کے شعبے کے تحفظ اور ترویج کے لیے پاکستان کی پارلیمان کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے مصوری کے شعبے میں جمی انجینئر کے بہترین کام کو سراہا اور جمی انجینئر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی نے نیشنل کونسل آف آرٹ میں تصویری نمائش کا مشاہدہ کیا۔
جمی انجینئر نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا تقریب میں شرکت اور ان کی حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے فن پاروں کے ذریعے بیرون ملک پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کو ترجیح دی۔ انہوں نے اپنے فن کے ذریعے پاکستان اور اس کے عوام کی خدمت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ معروف آرٹسٹ محترمہ راحت نوید نے کہا کہ جمی انجینئر ایک بہترین فنکار ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اپنے کام کو لوگوں کی خدمت کے لیے استعمال کیا۔اس موقع پر جمال شاہ سابق وزیر اطلاعات، نامور فنکار، دانشور، میڈیا کے نمائندے اور طلباء کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔








