اسلام آباد(ممتازنیوز)وزیراعظم کے مشیربرائے سیاسی امورراناثناء اللہ نے کہاہے کہ متنازع ٹویٹ کے تناظرمیں بانی پی ٹی آئی پر نئے مقدمات بھی قائم ہوں گے،اگرسائفرکیس میں شک پڑسکتاہے تو عدت نکاح کیس میں بھی پڑسکتاہے،علی امین گنڈاپورسمیت جتنے رہنماجس طرح کی گفتگو کررہےہیں وہ بانی پی ٹی آئی کو خوش کرنے کے لئے کررہے ہیں جو نرم بات کرتا ہے اس کی کلاس ہوتی ہے،پی ٹی آئی کے ساتھ ڈائیلاگ کا راستہ اب ممکن نہیں رہا ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے راناثناء اللہ نے کہاکہ ہمیشہ جو فریق عدالت جاتا ہے اس کی خواہش ہوتی ہے کہ فیصلہ اس کے حق میں ہوناچاہئے،تاہم انہوں نے کہاکہ توہین عدالت کاقانون ضرور ہوناچاہئے بصورت دیگر لوگ ججز کی عزت واحترام کو مٹی میں ملادیں گے تاہم توہین عدالت پر سزاکے مراحل ہونے چاہئیں ،اگرآپ پہلے مرحلے میں ہی سیاست دان کوپوری زندگی کےلئے نااہل کریں گے تو یہ بڑا نقصان ہے،پہلے مرحلے میں وارننگ پھر جرمانے سے بات شروع ہونی چاہئے اور تیسرے مرحلے میں قرارواقعی سزاکی طرف جاناچاہئے۔عدت نکاح کیس میں عمران خان کی ممکنہ بریت سے متعلق سوال پر راناثناء اللہ نے کہاکہ پاکستان میں جو قانون ہے اس کے مطابق شک کا فائدہ ملزم کو دیاجاتاہے ججز بھی انسان ہیں ان کے جذبات بھی ہوتے ہیں، شک پڑنے یا نہ پڑنے میں ان باتوں کابھی تعلق ہوتا ہے ہوسکتا ہے کہ جس طرح سائفر کیس میں شک پڑااسی طرح عدت نکاح کیس میں بھی شک پڑ جائے۔انہوںنے کہاکہ ایک آدمی جو قوم کالیڈر ہونے کادعویدار ہوکیااسے ایسی کسی سرگرمی میں ملوث ہوناچاہئے ، لیڈر کے ذاتی معاملات نہیں ہوتے،یہ بات ثابت ہے ، خاورمانیکا عدالتوں میں پھر رہاہےاور شور مچار ہےاسے مارا بھی گیاجو سراسرزیادتی ہے،سائفر کیس میں بھی جرم کا اعتراف کیاگیاتھا۔منتازع ٹویٹ کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ عمران خان کے خلاف نئے مقدمات قائم ہورہے ہیں جو انہوں نے ٹویٹ کیاہے اس پر مقدمہ بنایاجاسکتا ہے ،راناثنااللہ نے کہاکہ سیاسی کشیدگی بڑھ چکی ہے، اب دو ہی راستے ہیں، ایک راستہ جمہوریت کاہے جو مذاکرات سے شروع ہوتاہے یہ رواداری اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا راستہ ہے اور دوسر ا راستہ ہے کہ میں کسی سے بات نہیں کروں گا سب کو جیلوں میں ڈالوں گا اوریہ تصادم کا راستہ ہے،مجھے لگتا ہے کہ مذاکرات کاراستہ اب نہیں رہا،علی امین گنڈاپورسمیت جتنے رہنماجس طرح کی گفتگو کررہےہیں وہ بانی پی ٹی آئی کو خوش کرنے کے لئے کررہے ہیں جو نرم بات کرتا ہے اس کی کلاس ہوتی ہے،اسدقیصر متوازن بات کرتےہیں اسی لئے سائیڈلائن کردیئے گئے۔انہوں نے کہاکہ اگر علی امین گنڈاپورگورنرکو اٹھاکرباہر پھینکناچاہتے ہیں تو ان کوبھی اٹھاکرباہرپھینکاجاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ بات چیت کاراستہ اپنایانوازشریف بارہاکہہ چکے ہیں کہ سب کومل کر ملک کے لئے بات چیت کرنی چاہئے لیکن دوسری جانب سے صورتحال اس کے برعکس ہے۔
متنازع ٹویٹ:بانی پی ٹی آئی پر نئے مقدمات قائم ہوں گے،راناثناء اللہ








