اسلام آباد(طارق محمود سمیر)نیب ترامیم کالعدم قراردینے کے خلاف حکومتی اپیل پر سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ نے فیصلہ محفوظ کرلیاہے،تحریک انصاف کے بانی چیئرمین سابق وزیراعظم عمرا ن خان کو ویڈیولنک کے ذریعے سماعت میں اپناموقف بیان کرنے کا بھرپورموقع دیاگیااور یہ پہلاموقع تھا کہ کسی بھی سزایافتہ قیدی کو ویڈیولنک کے ذریعے اپیل کے موقع پر سناگیاہے،ماضی میں سپریم کورٹ نے کسی سزایافتہ قیدی کو یہ سہولت نہیں دی گئی تھی بہرحال بڑی اہم باتیں ہوئیں،30منٹ تک عمران خان نے گفتگوکی اور انہیں پہلے مرحلے میں باربار چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ روکتے رہے کہ نیب ترامیم پر بات کریں اور باقی سیاسی معاملات ودیگرمقدمات کوزیربحث نہ لائیں، تاہم بعدازاں انہیں سیاسی معاملات پربھی بات کرنے کی اجازت دے دی گئی ،عمران خان نے جسٹس اطہرامن اللہ کے بعض ریمارکس کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ پی ڈی ایم دورمیں جو نیب ترامیم ہوئی تھیں وہ عمرا ن خان کے حق میں تھیں اب اگران ترامیم کو یہ بنچ کالعدم قراردیتاہے تو عمران خان کی مشکلات میں اضافہ ہوگا، لائیوسٹریمنگ کامعاملہ بھی عمران خان کی طرف سے اٹھایاگیااور انہوں نے چیف جسٹس کی طرف سے گزشتہ سماعت پر سیاسی فائدہ اٹھانے کے ریمارکس کو افسوسناک قراردیاجس پر چیف جسٹس نے انہیں کہاکہ وہ اس پراپیل دائرکرسکتے ہیں، سب سے اہم بات جو جمعرات کی سماعت میں سامنے آئی وہ پارلیمنٹ کو اہمیت دینے اور ملکی مسائل کے حل کیلئے مل بیٹھ کر مذاکرات کرنے کی ہے،ایک جج صاحب نے عمران خان کے اس جملے کہ ملک مشکلات کا شکارہے،مجھے ذاتی کوئی مسئلہ نہیں یہ نیب ترامیم کا قانون برقراررہاتو ملک کونقصان ہوگا ،پر کہاکہ ملک بچانے کیلئے سب کو بات چیت کرنی چاہئے ،مذاکرات کاراستہ اختیارکرنے چاہئے ،اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما سینئر وکیل فاروق ایچ نائیک کو روسٹرم پر بلایاگیااور عمران خان کو کہاگیاکہ یہ دیکھیں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنمااور پارلیمنٹ کے رکن ہیں،پارلیمنٹ میں بات ہونی چاہئے جس پر فاروق نائیک نے یہ جواب دیاکہ صدر آصف زرداری بارہایہ کہہ چکے ہیں کہ ایوان صدر کے دروازے مذاکرات کیلئے کھلے ہیں اب تحریک انصاف کو آگے بڑھناہوگالیکن المیہ یہ ہیکہ تحریک انصاف سیاسی وپارلیمانی قوتوں سے بات کرنے کے بجائے فوجی قیادت اور گھرکے مالک سے بات کرناچاہتی ہے حالانکہ فوجی قیادت کئی بار واضح کرچکی ہیکہ سیاسی معاملات سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے اور تحریک انصاف سیاسی جماعت سے مذاکرات کرے ،آج تو سپریم کورٹ کے ججز نے بھی عمران خان کو ایک اچھامشورہ دیاہے امیدہے کہ عمران خان اپنے پارٹی رہنماوں کو ججز کے مشورے سے آگاہ کرکے اپنالائحہ عمل تبدیل کریں گے اورملک میں سیاسی استحکام قائم کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں کیآپس میں مذاکرات کاعمل شروع کریں گے ،دوسری جانب حکومت کی طرف سے عدالت میں ایک رپورٹ جمع کرائی گئی جس میں عمران خان کو دی جانے والی سہولتوں اور ان سے اب تک ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات شامل ہے ،اس رپورٹ میں بعض ایسی تصاویربھی شامل کی گئی ہیں جن میں عمران خان کے لئے الگ کمرہ ،کچن ،ورزش کی مشین ،کتابیں،ایئرکولر،سٹڈی ٹیبل وغیرہ شامل ہیں،اس رپورٹ سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ عمران خان قیدتنہائی میں نہیں ہیںاور انہوں نے غلط بیانی سے کام لیا،ماضی کے کسی سیاسی رہنماچاہے ذوالفقارعلی بھٹو،بینظیربھٹو،نوازشریف،شہبازشریف ،آصف زرداری ودیگر ہوں انہیں اس طرح کی سہولتیں جیل میں نہیں ملیں،حکومتی وزراء اکثریہ کہتے رہتیہیں کہ عمران خان کو دیسی چکن اور دیسی گھی میں پکی چیزیں کھلائی جاتی ہیں اور دن میں انہیں تین بار واک کرنے کی بھی اجازت ہے جتنی بھی سہولتیں ہوں جیل بہرحال جیل ہوتی ہے عمران خان اپنے بعض فیصلوں اور ٹکراؤکی پالیسی کی وجہ سے جیل میں ہیں ،عدالتوں سے انہیں بھرپورریلیف مل رہاہے،سائفر جیسے حساس کیس میں بھی انہیں بری کردیاگیاہے جس کی اپیل حکومت کی طرف سے آج (جمعہ) دائرکئے جانے کاامکان ہے۔
سپر یم کورٹ کا عمران کو مذاکرات کاراستہ اپنانے کااہم مشورہ








