اسلام آباد: حکومتی اتحادی پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے مجوزہ وفاقی بجٹ سے مکمل لاعلمی ظاہر کر دی۔
اپنے ایک بیان میں خورشید شاہ نے کہا کہ کیسی تجاویز، کیسا بجٹ، حکومت نے نہ کچھ بتایا، نہ ہی ہمیں اعتماد میں لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نہیں معلوم ن لیگ نجکاری پالیسی، ٹیکسز، ترقیاتی پروگرام پر کیا کر رہی ہے۔
نہیں معلوم عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات میں کس صوبے کو کیا حصہ دیا جا رہا۔
وفاقی وزارتوں کے منصوبوں میں کیا نیا ہے، کیا پرانا، ہمیں نہیں بتایا گیا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ ہمیں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ یہ بجٹ حکومت خود بنا رہی یا آئی ایم ایف کا بجٹ مسلط کیا جا رہا۔
حکومت کا سارا بوجھ پیپلز پارٹی نے شیئر کر رکھا ہے۔
بجٹ میں عوام ہم سے پوچھے گی کہ یہ کیا کر دیا۔
کیا ہم عوام کو یہ بتائیں کہ ہمیں تو پتہ ہی نہیں،
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی طور پر پیپلز پارٹی کو دیکھنا ہو گا کہ بجٹ پر کیا فیصلہ لینا ہے۔
یہ نہیں ہو سکتا کہ حکومت کے ساتھ دینے کے چکر میں خاموشی سے عوام کے ساتھ بجٹ میں ظلم ہوتا دیکھتے رہیں۔
پیپلز پارٹی کا اپنا عوامی منشور ہے، اس کے لیے وفاقی بجٹ میں ہماری تجاویز ہر صورت شامل ہونی چاہیے تھیں۔
افسوس ہمیں کہنا پڑ رہا، یہ کام ن لیگ کو کہے بغیر کرنا چاہیے تھا۔








