انڈونیشیا میں ایک کامیڈین کو توہین رسالت ؐکے جرم میں سات ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔انڈونیشین کامیڈین اولیا رحمان نے نبی اکرم ؐکے نام محمد ﷺ کی توہین کی تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ انڈونیشیا کے صوبے سماترا میں پیش آیا ہے۔بہت سے مسلمان اپنے بچوں کا نام محمد ﷺ کی مناسبت سے بڑے شوق اور احترام سے رکھتے ہیں، لیکن بعد ازاں اس نام کی توقیر کا خیال رکھنے کا اہتمام بہت کم لوگ کر پاتے ہیں۔
انڈونیشیا میں اس نام کی توہین کرنے کے جرم کی سزا پانچ سال تک کی ہے۔پراسیکیوٹر نے اس ملزم کے لیے آٹھ ماہ تک کی سزا کا مطالبہ کیا تھا۔
عدالت نے اپنی کارروائی میں اس شخص کو قصور وار قرار دیا اور منگل کو سات ماہ قید کی سزا سناتے ہوئے جیل بھیج دیا۔
پراسیکیوٹر آفس کے ترجمان رکی رمضان کے مطابق ملزم پر الزام ثابت ہوا ہے کہ اس نے ماہ دسمبر کے دوران نفرت پھیلانے کا ارتکاب کیا۔ جس کے بعد اس پر باقاعدہ مقدمہ درج ہوا اور تفتیش کی گئی ہے۔
اندونیشین قانون کے مطابق نبی کریم ﷺ کے بارے میں توہین آمیز الفاظ کا استعمال قانوناً جرم ہے۔
اس کیس میں ملزم نے اپنی غلطی تسلیم کی تھی اور اپنے کیے پر افسوس ظاہر کیا تھا۔
اس ملزم کو سزا سنا کر جیل بھیجنے سے قبل 2022 میں پولیس نے چھ افراد کو گرفتار کیا تھا۔ ان پر بھی توہین رسالت کا الزام تھا۔
توہین رسالت ﷺ پر گرفتار کامیڈین کو عدالت نے سزا سنا دی








