اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقتصادی مشاورتی کمیٹی کی طرز پر نوجوان کاروباری افراد پر مشتمل یوتھ آنٹرپرنیور ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم سے نوجوان انٹرپرنیورز کے وفدنے ملاقات کی، وفد میں ٹیکسٹائل ، تعمیرات، آئل اینڈ گیس، تعلیم، صحت، لاجسٹکس، زراعت، برآمدات اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان کاروباری افراد شامل ،وزیراعظم نے کہاکہ نوجوان کاروباری افراد ہماری معیشت اور ہمارے ملک کے مستقبل کے معمار ہیں، حکومت پاکستان کاروباری برادری کو معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کرے گی، پاکستانی برآمدات کو عالمی سطح پر فروغ دینا ملکی معیشت کے لیے ناگزیر ہے،انہوں نے کہاکہ پاکستانی برآمدات کے فروغ کے لیے نوجوان کاروباری افراد انتہائی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، حکومت اور کاروباری برادری کے تعاون سے ملک کا مالی اور تجارتی خسارہ کم کیا جا سکتا ہے، وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کو باصلاحیت افرادی قوت میں تبدیل کر کے ملکی معیشت کو محرک کیا جا سکتا ہے، وزیراعظم نے کہاکہ حکومت پاکستان معاشی مواقعوں کی فراہمی میں صنفی امتیاز ختم کرنے کے لیے کوشاں ہے ، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ پاکستانی برآمدات میں اضافے کے لیے اہم ثابت ہو گا، وزیراعظم نے کہاکہ ہم حکومت کے حجم میں کمی اور حکومتی اداروں کو مزید فعال بنانے کے لیے پر عزم ہیں، کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا اور کاروبار دوست پالیسیاں تشکیل دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم نے کہاکہ چین اور پاکستان کے مابین کاروباری اشتراک کا فروع ہماری اولین ترجیح ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے دوسرے مرحلے میں صنعتی ترقی کی رفتار تیز ہو جائیگی، ملاقات میں وفد نے مختلف شعبوں میں پاکستانی کاروباری برادری کی عالمی اور ملکی سطح پر کامیابیوں اور ان کو درپیش مختلف مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا،وفد نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی تاریخ ساز کامیابی پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا،وزیراعظم نے پاکستان کاروباری برادری بالخصوص نوجوان کاروباری افراد کو ان کی کاوشوں پر سراہا
وزیراعظم کی یوتھ آنٹرپرنیور ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت








