اسلام آباد(ممتازنیوز) وزیراطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑنے وفاقی بجٹ پر سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی اور سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی تنقید مستردکردی۔
پریس کانفرنس کرتےہوئے عطاء تارڑنے کہاکہ حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں سے کئی شعبوں میں اصلاحات کی گئیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی ترجیحات میں شامل تھا کہ نئی اصلاحات متعارف کرائی جائیں، پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، ڈاؤن سائزنگ اور رائٹ سائزنگ پر کمیٹی قائم کی گئی ہے،حکومت باتوں پر نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، انہوں نے کہاکہ یہ تاثر غلط ہے کہ 500 ارب روپے ترقیاتی سکیموں میں دیا جا رہا ہے وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومت اپنے اخراجات کم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، وزیراعظم سمیت کابینہ کے ارکان نہ تنخواہ لے رہے ہیں اور نہ مراعات، وزیراعظم نے حکومتی اخراجات کم کر کے دکھائے، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ پی آئی اے کی نجکاری پر کام تیزی سے جاری ہے، اسٹیٹ اون انٹرپرائزز کی نجکاری میں تیزی آئی ہے، آج مہنگائی کم ہو کر 11 فیصد پر آ گئی ہے، ایف بی آر کے 13 ٹریلین کا ریونیو کے ٹارگٹ کو حاصل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے، ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہاکہ حکومت کوئی پیسہ لگائے بغیر ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے ذریعے ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کر رہی ہے، شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کو حکومت کے بہتر معاشی اقدامات کو سراہنا چاہئے تھاانہوں نے کہاکہ سولر پینلز پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا، وزیراعظم ملک و قوم کی بہتری چاہتے ہیں، کم از کم اجرت 32 ہزار سے بڑھا کر 37 ہزار روپے کر دی گئی ہے، میڈیا ورکرز اور رپورٹرز کے حوالے سے بھی کم از کم اجرت کا اطلاق ہونا چاہئے، پی بی اے اور اے پی این ایس نے اس حوالے سے یقین دہانی کرائی ہے،انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ ملکی معیشت کو درست کیا جائے، تجارتی خسارہ کم ہوا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں، و آئی ٹی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ سٹاک ایکسچینج میں روزانہ کی بنیادوں پر تیزی دیکھی جا رہی ہے، یہ اس بات کی دلیل ہے کہ بجٹ معیشت کے استحکام کی جانب مثبت قدم ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ عوام کو نان فائلر سے فائلر بننا ہوگا، ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرنا ہے، یہ روش ختم کرنا ہوگی کہ ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کا بوجھ ٹیکس ادا کرنے والے اٹھائیں، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ فائلرز کی تعداد میں اضافہ ہونے سے ٹیکس بیس بڑھے گی، آنے والے مہینوں میں معیشت میں مزید بہتری آئے گی، گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کی تعداد میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا، پنشنرز پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا حصہ رہے ہیں، سیاسی جماعت بنانا ان کا حق ہے، حکومت کے بہتر اقدامات کو انہیں سراہا جانا چاہئے تھا، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومت کی کوشش ہے کہ غریب عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے، حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کے دھانے سے بچایا کر معاشی استحکام کی طرف گامزن کیا ۔








