بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اے پی سی ،عمران خان کا اعلان اہم ،وزرا کا خیر مقدم

اسلام آباد(طارق محمود سمیر) پاکستان سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے آپریشن عزم استحکام پر قومی اتفاق رائے پید ا کرنے اور سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کے فیصلے پر سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور اے پی سی میں تحریک انصاف کی شرکت کا عندیہ دیدیا ہے جبکہ وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ اور وزیردفاع خواجہ آصف نے بھی اے پی سی بلانے کیلئے مشاورت کے عمل کی تصدیق کردی ہے ،پیپلزپارٹی نے بھی اے پی سی بلانے کیفیصلے کی تائید کی ہے ،حالیہ چند ماہ میں پاکستان میں دہشت گردی کے بڑے واقعات ہوئے ،دہشت گردوں کو افغانستان کے اندر جو مدد مل رہی ہے وہ پاکستان کے لئے تشویش کا باعث ہے اور حکومت افغان طالبان سے کئی مرتبہ مذاکرات کرچکی ہے لیکن ابھی تک عملی طو ر پر افغانستان کی حکومت نے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ، حال ہی میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پاکستان اور افغان طالبان کے حکام کے درمیان ملاقاتیں ہوئی ہیں جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے اپنے خطاب میں افغان حکومت پر زوردیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے رکوائے اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں تعاون کیا جائے ، ایسے ماحول میں آپریشن عزم استحکام کا فیصلہ بہت اہمیت کا حامل ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ اس پر قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے اور اس تاثر کو ختم کرنے کی ضرورت ہے کہ اس کے کوئی سیاسی مقاصد ہیں کیونکہ تحریک انصاف کے بعض رہنمائوں نے خدشات کا اظہار کیا تھا کہ آپریشن کا مقصد پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانا ہے ، وزیردفاع خواجہ آصف نے بھی اے پی سی میں پی ٹی آئی کی شرکت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے یہ آپریشن ملکی سلامتی کیلئے کیا جارہا ہے ،اگر کے پی حکومت اس کی حکومت کرے گی تو یہ ملکی مفاد میں ہوگا ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش برقرار ہے اور نوازشریف مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں ، تحریک انصاف کو اپنی سیاست کے طریقہ کار پر نظر ثانی کرنی ہوگی ، وزیر اطلاعات عطاتارڑ بھی کہتے ہیں کہ اے پی سی کیلئے مشاورت جاری ہے ،اللہ کرے عمران خان اے پی سی میں شرکت کے اپنے فیصلے پر قائم رہیں کوئی یوٹرن نہ لے لیں ، حکومت کو چاہئیے فوری طور پر وفاقی وزرا کی ایک کمیٹی تشکیل دیں جو اے پی سی کامیاب بنانے کیلئے تمام جماعتوں سے رابطے کریں اور قومی لائحہ عمل تیار کرنا ضروری ہے ، خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت ہے اور اس حکومت کو اعتماد میں لئے بغیر آپریشن کی کامیابی کیلئے مشکلات پیش آسکتی ہیں ، اس معاملے پر انا پرستی اور سودے بازی سے گریز کرتے ہوئے ملکی مفاد کیلئے فیصلے کئے جائیں ، دوسری جانب برطانیہ میں الیکشن میں لیبر پارٹی نے میدان مار لیا ہے اور کنزویٹو پارٹی کی پالیسیوں پر نے عوام نے مہنگائی اور غزہ میں اسرائیلی مظالم پر فلسطینی عوام کا ساتھ دینے کی بجائے اسرائیل کا ساتھ دینے پر ووٹرز نے خوب غصہ نکالا، 14سال بعد لیبر پارٹی کو بڑی کامیابی ملی ہے ، نومنتخب وزیراعظم کیئر اسٹارمر کیلئے بڑے چیلنجز موجود ہیں اور برطانوی عوام یہ توقع رکھتے ہیں کہ نئی حکومت معاشی صورتحال کو بہتر بنانے ، مہنگائی کو کم کرنے اور فلسطینیوں کی حمایت میں ماضی کی پالیسی پر نظر ثانی کرے گی ۔