اسلام آباد(طارق محمود سمیر) سابق وزیراعظم اور سینئر سیاستدان شاہد خاقان عباسی نے ن لیگ کے دیگر اہم سینئر ناراض رہنمائوں کے ہمراہ پاکستان کی نئی سیاسی جماعت عوام پاکستان کا باضابطہ اعلان کردیا ہے ،اس وقت ملک میں الیکشن کمیشن کے پاس 166سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ ہیں ، 15سے 20سیاسی جماعتیں ایسی ہیں جن کی اسمبلیوں میں نمائندگی ہے باقی صرف کاغذی جماعتیںہیں ، عوام پاکستان کی نئی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 167ہو جائے گی ، شاہد خاقان عباسی پاکستان کے اہم سیاستدانوں میں شمارکئے جاتے ہیں ان کے والد خاقان عباسی سابق فوجی آمر جنرل ضیاء الحق کے قریبی دوستوں میں شمار کئے جاتے تھے اور 1988میں اوجڑی کیمپ حادثے میں شہید ہوگئے تھے، شاہد خاقان عباسی کے ایک بھائی زاہد عباسی اس حادثے میں زخمی ہوئے تھے اور طویل علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے ، شاہد خاقان عباسی نے امریکا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی ، وہ بنیادی طور پر پائلٹ بننا چاہتے تھے اور پاکستان کے واحد وزیراعظم رہے ہیں جنہیں بطور وزیراعظم فائٹر طیارہ اڑانے کا بھی اعزاز حاصل ہے،نوازشریف نے انہیں 2017میں اپنی نااہلی کے بعد وزیراعظم نامزدکیا ، شاہد خاقان کی نامزدگی کی شہبازشریف اور چودھری نثار نے کھل کر تو نہیں مگر اندرون خانہ مخالفت کی تھی۔ پی ڈی ایم دور حکومت میں وزیراعظم شہبازشریف سے شاہد خاقان عباسی کے تعلقات اچھے نہیں رہے ،نوازشریف کی وطن واپسی سے قبل ہی شاہد خاقان عباسی کے پارٹی قیادت سے اختلافات شروع ہوگئے تھے ، بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ شاہد خاقان عباسی ایک تو مریم نواز کو چیف آرگنائزر بنانے کے مخالف تھے اور دوسری وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ انہوں نے لندن جا کر نوازشریف کو تجویز دی تھی کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو توسیع دی جائے جس پر نوازشریف بہت ناراض ہوئے ، 2024کا الیکشن بھی انہوں نے نہیں لڑا جسے اب وہ فارم 47کا الیکشن قرار دیتے ہیں ،شاہد خاقان عباسی نے دو مرتبہ طویل جیل کاٹی ،12اکتوبر1999کو پرویز مشرف نے جب تختہ الٹا تو بطور چیئرمین پی آئی اے انہیںگرفتار کیا گیا ، نوازشریف اور شاہد خاقان عباسی لانڈھی جیل کراچی میں قید رہے ،د ونوں فجرکی نماز اکٹھے پڑھتے تھے اور نوازشریف امامت کے فرائض انجام دیتے رہے جبکہ دوسری مرتبہ انہیں اس وقت عمران خان کے حکم پر نیب نے گرفتارکیا جب وہ ایک روز قبل مفتاح اسماعیل کے ہمراہ جنرل (ر) باجوہ اور فیض حمید سے خفیہ ملاقات کرکے نکلے تھے ،بہر حال شاہد خاقان عباسی ایک سلجھے ہوئے اچھے پڑھے لکھے اور ایماندار سیاستدان مانے جاتے ہیں ، ان کی جماعت مستقبل میں پاکستان کی سیاست میںکیا کردارادا کرسکتی ہے یہ تو آنے والا وقت یہ بتائے گا ،ان کی جماعت میں زیادہ تر وہی لوگ شامل ہوئے ہیں جو ن لیگ کی قیادت سے ناراض ہوئے ان میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار مہتاب عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، پی ٹی آئی کے سابق مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور زعیم قادری نمایاں ہیں ، مصطفی نوازکھوکھر جوگزشتہ دو سال سے شاہد خاقان عباسی کوکہتے رہے کہ جلد سیاسی جماعت بنائیں لیکن آج وہ اس جماعت میں شامل نہیں ہوئے ، سابق وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کے متعلق یہ دعویٰ کیا جاتا رہا کہ ان سے رابطے ہوئے ہیں مگر انہوں نے اس پارٹی میں شمولیت کیلئے کوئی مثبت جواب نہیں دیا وہ ان دنوں اپنی فیملی کے ہمراہ امریکا کے نجی دورے پر ہیں ،شاہد خاقان عباسی اور ان کے ساتھیوں نے ن لیگ کی حکومت پر بعض سنجیدہ اور سنگین الزامات لگائے اور اس حکومت کوفارم 47کی حکومت قراردیا اور ماضی کی غلطیوںکا بھی ذکر کیا لیکن سوچنے کی بات یہ ہے کہ جب شاہد خاقان عباسی خود وزیراعظم تھے توانہوں نے دس ماہ میںکونسی اصلاحات کی تھیں ، اس وقت پی آئی اے کی نجکاری کیلئے آگے کیوں نہیں بڑھے اس وقت تو مخلوط حکومت نہیں تھی اور نہ ہی پیپلزپارٹی حکومت کا حصہ تھی ،حکومت سے باہر رہ کر باتیں اور تنقیدکرنا تو آسان ہوتا ہے ،دوسری طرف نوازشریف کے لئے بھی سوچنے کا مقام ہے کہ انہوں نے جس کو بھی آرمی چیف بنایا وہ بعد ازاں انہیں اقتدار سے نکلوانے کا باعث بنا جسے پارٹی یا حکومت نے اہم عہدے دیے وہ اب سب خرابیوں اور برائیوںکے ذمہ دار نوازشریف کو قرار دیتے ہیں یا نوازشریف غلط تھے یا یہ غلط ہیں دونوں میں سے ایک بات تو ہے ۔وزیراطلاعات عطاتارڑ نے شاہد خاقان عباسی کی تقریر اور پارٹی کے قیام پر جو ردعمل دیا ہے وہ بطور وزیراطلاعات ہر وزیر دیتا ہے ،انہوں نے طنزکرتے ہوئے یہ تک کہہ دیا کہ آج ارب پتی سرمایہ کاروںکا اکٹھ تھا جس میں پرانی ٹیپ چلائی گئی اور تضادات سے بھرپور تقریریںکی گئیں جن لوگوں نے اپنی پارٹی سے وفا نہیں کی وہ اقدارکی سیاست کیا کریں گے، بہر حال یہ عطاتارڑکی اپنی رائے ہے انہوں نے حکومت کی ترجمانی کرتے ہوئے نئی پارٹی کے حوالے سے کچھ ہی سخت ردعمل دے دیا ہے ،انہیں ردعمل دینے سے قبل اپنی پارٹی قیادت سے بھی یہ سوال کرنا چاہیے کہ وہ ماضی میں ایسے لوگوں کوکیوں آگے کیا جنہوں نے وفا نہیں نبھائی ۔








