اسلام آباد (ممتازنیوز) سینیٹ قائمہ کمیٹی صحت خدمات امورکے چیئرمین سینیٹر عامر ولی الدین چشتی کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا،صحت سے متعلق وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مختار احمد برتھ اور سیکرٹری صحت ،اسلام آباد کے سرکاری ہسپتالوں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی۔سیکرٹری صحت نے اجلاس کے شرکاء کوبتایاکہ رواں مالی سال 2024-25 کے لئے قومی صحت خدمات کے لئے 26 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہاکہ چین اور وسط ایشیائی ریاستوں میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی ڈاکٹرز کو چین اور وسط ایشیائی ریاستوں میں پریکٹس کی اجازت نہیں،افسوس کا مقام ہے کہ جو ملک پیسے لے کر ہمارے بچے بچیوں کو ڈاکٹر کی ڈگری دے رہیں ، وہی ممالک ان کو اپنے ملکوں میں ڈاکٹر ماننے کے لئے تیار نہیں۔ڈاکٹر مختار احمد نے کہاکہ ایران اور جنوبی کوریا نے پاکستان کے این آئی ایچ کی طرز پر ادارے قائم کئے،یہ دونوں ملک ویکسین تیار کر رہے ہیں۔ہم کوشش کر رہے ہیں کہ این ائی ایچ میں نجی اور سرکاری شعبے کے تعاون سے ویکسین تیاری شروع کر سکیں،انہوں نے کہاکہ صحت سہولت پروگرام کے تحت اسلام اباد ، جی بی، اے جے کے، تھرپارکر کے 25 لاکھ سے زائد ابادی کو خدمات فراہم کریں گے،صحت سہولت پروگرام جاری رکھنے کے لئے تجاویز پر مشتمل سمری منظوری کے لئے بھجوائی ہوئی ہےہم نے پروگرام کے تحت غریب مریضوں کے علاج پر ستر فیصد اخراجات حکومت اور تیس فیصد مریض خود برداشت کرے گا۔سیکرٹری صحت نے کہاکہ رواں سال پاکستان میں پولیو کے آٹھ کیسز سامنے ا ٓچکے ہیں۔
کوارڈینیٹر ہیلتھ نے کہاکہ ستمبر میں افغانستان کے ساتھ صحت خصوصا پولیو مہم سے متعلق بات چیت ہو گی۔اسلام آباد میں قائد اعظم ہیلتھ ٹاور کی تعمیر کر رہے ہیں۔ہیلتھ ٹاور کے لئے سی ڈی اے نے ایچ سولہ سیکٹر میں جگہ کی نشاہدی کی ہے،ہیلتھ ٹاور کی تعمیر کے لئے رواں مالی سال بجٹ میں پانچ ارب روپے مختض کئے گئے ہیں ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر عمران سکندرنے کہاکہ بارہ سو بستروں کے پمز ہسپتال میں مریضوں کے لئے دو ایم آر ائی اور ایک سٹی سکین مشین ہیں۔سینیٹر ڈاکٹر ہمایوں مہمند نے کہاکہ بہت ہی افسوس کا مقام ہے کہ جس ہسپتال میں یومیہ سات ہزار سے زائد مریض او پی ڈی میں آتے ہیں وہاں صرف ایک سٹی سکین مشین ہے،کوارڈینیٹر ہیلتھ نے کہاکہ پانچ لاکھ روپے مالیت کی ایک کیبل نہ ہونے سے کئی برسوں تک سٹی سکین مشین فعال نہیں ہو سکی۔
سینیٹر پلوشہ خان نے کہاکہ اس نااہلی کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے،68 ارب روپے کی لاگت سے ہپاٹائٹس سی کے علاج کے لئے تین سالہ پروگرام شروع ہو گا،اس حوالے سے وزیراعظم کی صدارت میں نیشنل ٹاسک فورس کام کرے گی۔
ڈین پی ایم ڈی سی نے کہاکہ پاکستان میں مجموعی طور پر تین لاکھ 49 ہزار چار سو اٹھارہ ڈاکٹرز رجسٹرڈ ہیں۔سیکرٹری صحت نے کہاکہ پاکستان میں مجموعی طور پر ایک لاکھ دس ہزار نرسز ہیں۔سینیٹر ڈاکٹر ہمایوں مہمند نے کہاکہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پاکستان میں نرسنگ کے جعلی کالجز ہیں۔کوارڈینیٹر ہیلتھ ڈاکٹر مختار احمد نے کہاکہکویت، سعودی عرب، بحرین نے پاکستانی نرسز کے معیار پر ہمیں شکایات کی ہیں۔سعودی حکومت نے حالیہ دورے میں وزیراعظم کے سامنے بھی یہ معاملہ اٹھایا۔سیکرٹری صحت نے کہاکہ پمز ہسپتال میں طبی سہولیات کی بہتری اور نئے شعبوں کے قیام کے لئے ساڑھے سات ارب روپے کے فنڈز منظور ہو چکے ہیں۔








