بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ذوالفقار علی بھٹو معصوم تھے، انہیں غیر آئینی عدالت نے سزا دی، سپریم کورٹ

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس پر 48 صفحات پر مشتمل تفصیلی رائے جاری کردی۔
چیف جسٹس کی جانب سے 48 صفحات پر مشتمل جاری کی جائے والی رائے میں لکھا گیا ہے کہ ریفرنس کے حوالے سے جسٹس سردار طارق مسعود ، جسٹس منصور علی شاہ اضافی نوٹ دیں گے۔

تحریری رائے میں لکھا گیا ہے کہ شفاف ٹرائل کے بغیر معصوم شخص کو پھانسی پر چڑھایا گیا، ذوالفقار علی بھٹو کیخلاف جب کیس چلایا گیا اس وقت عدالتوں کی آئینی حیثیت ہی نہیں تھی، جب کیس چلایا گیا اس وقت ملک میں مارشل لاء تھا اور بنیادی حقوق معطل تھے۔

۔  سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ ملک اور اس کی عدالتیں اس وقت مارشل لا کی قیدی تھیں، آمر کے وفادار جج کی عدالتیں عوام کی عدالتیں نہیں رہتی۔
تفصیلی تحریری رائے کے مطابق ’پھانسی کے فیصلے کا براہ راست فاٸدہ ضیا الحق کو ہوا‘، بھٹو کو رہا کردیا جاتا تو وہ ضیا کیخلاف سنگین غداری کا مقدمہ چلا سکتے تھے۔
واضح رہے کہ 6 مارچ 2024 کو سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو صدارتی ریفرنس پر رائے سنائی تھی، تاہم اب عدالت عظمیٰ نے تفصیلی تحریری رائے جاری کردی ہے۔
اس وقت سپریم کورٹ نے قرار دیا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو آئین کے مطابق مصنفانہ ٹرائل نہیں ملا اور ان کے خلاف مقدمہ قانون کے مطابق نہیں چلایا گیا۔
مارچ میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھٹو ریفرنس پر اپنی مختصر رائے تحریری شکل میں پانچ صفحات میں جاری کی تھی، جس میں عدالت عظمیٰ نے کہا تھا کہ آئین اور قانون میں اس بات کی گنجائش نہیں کہ بھٹو کی پھانسی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ مختصر رائے سنانے کے آغاز پر چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا تھا کہ ریفرنس پر تمام ججوں کی رائے متفقہ ہے۔