اسلام آباد(طارق محمودسمیر)وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں کسانوں کی سہولت کیلئے28ہزار ٹیوب ویلزکوشمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے وفاق کی
طرف سے 55ارب روپے کے منصوبے کا باضابطہ اعلان کردیاہے جس پر تین ماہ میں عملدرآمدیقینی بنایاجائے گااور 70فیصد فنڈزوفاق جب کہ 30فیصدصوبائی حکومت اداکرے گی،جونہی 28ہزار ٹیوب ویلزپر سولرکے ذریعے بجلی کی فراہمی شروع ہوجائے گی تو ان کے بجلی کے کنکشن اور میٹرکاٹ دیئے جائیں گے،بلوچستان کا یہ ایک دیرینہ مسئلہ تھا جسے نعروں کے بجائے عمل کرکے حل کیاگیاہے،تاہم وزیراعظم نے اپنے خطاب میں بلوچستان حکومت کی ماضی کی کرپشن اور بدعنوانی کا یہ کہہ کر بھی تذکرہ کردیاہے کہ گزشتہ 10سال میں وفاق نے ٹیوب ویلز کے بجلی بلوں کی ادائیگی کیلئے 500ارب روپے فراہم کئے مگر بجلی کے بل ادانہیں ہوئے،یہ ایک دکھ والی اور درد ناک بات ہیکہ 500ارب روپیہ 10سال میں دو صوبائی حکومتیں،وزراء اور بیوروکریسی کھاگئی اور وفاقی حکومت کو سالانہ نوے ارب روپے کا ٹیکہ لگایاگیا،ایساانکشاف کرنے کاکوئی فائدہ نہیں اور وہ بھی وزیراعظم کی طرف سے،وزیراعظم کوچاہئے کہ شفاف انکوائری کروائیں اور پتہ چلایاجائے کہ دس برسوں میں جووزرائے اعلیٰ رہے اور چیف سیکرٹری رہے ان سے پوچھا جائے کہ وفاق نے 500 ارب روپے وفاق نے ٹیوب ویلوں کی بجلی کے بلوں کی ادائیگی کیلئے دیئے یہ پیسہ کہاں گیا؟دوسری جانب اسلام آبادہائیکورٹ کے جج طارق جہانگیری کی ایل ایل بی کی ڈگری کے معاملے پر کراچی یونیورسٹی کے ایک خط کو جواز بناکر سوشل میڈیاپر بدنیتی پر مبنی منفی مہم چلانے کا اسلام آبادہائی کورٹ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے تین صحافیوں کو طلب کرلیاہے اور ایف آئی اے کے علاوہ پی ٹی اے اور پیمرا سے بھی رپورٹ طلب کرلی ہے،یہ افسوسناک امر ہے کہ اسلام آبادہائیکورٹ کے ججز کے حوالے سے کچھ عرصے سے مختلف حوالوں سے مہم چلائی جارہی ہیں،خفیہ ایجنسیوں کی مداخلت کے متعلق چھ ججز کے خط کے بعد یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے ،جسٹس بابرستار کے گرین کارڈ کے معاملے پر بھی کافی بحث مباحثہ ہوچکاہے جب کہ جسٹس طارق محمودجہانگیری کی 1991میں جاری ہونے والی ایل ایل بی کی ڈگری کامعاملہ اب ایشوبنانے کا کیامقصدہوسکتاہے سب کے سامنے واضح ہے کہ حالیہ دنوں میں انہوں نے چند ایسے فیصلے دیئے جن سے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ خوش نہیںہیں،اسلام آباد کی تین نشستوں میں دھاندلی کے الزامات پر الیکشن ٹربیونلز کی کارروائی کو تیزی سے آگے بڑھایاجارہاہے ،یہ بھی ناراضی کی بڑی وجہ ہے،کسی بھی جج کے خلاف مہم چلانا درست بات نہیں ہے،گو کہ جسٹس طارق جہانگیری کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ایک ریفرنس بھی دائرکیاگیاہے اگر اس ریفرنس میں عائد کئے گئے الزامات تحقیقات کے بعد درست ثابت ہوتے ہیں تو پھر بات کی جانی چاہئے ،الزامات ثابت ہونے سے پہلے منفی مہم چلاناکسی کے لئے بھی اچھاعمل نہیں ،اگر دیکھاجائے توایک سیاسی جماعت ،جس کے سربراہ جیل میں ہیں ان کے ٹویٹراکاؤنٹ سیپاک فوج کی قیادت کے خلاف سوشل میڈیاپرمہم چلائی جاتی ہے، مگر عدلیہ کی طرف سے اس کا کوئی نوٹس نہیں لیاجاتا،حکومت جوابی بیانات تو سخت دیتی ہے تحقیقات میں ابھی تک پیشرفت نہیں ہوئی اور یوں لگتا ہیکہ حکومت اداروں کے خلاف مہم کو رکوانے میں بے بس نظر آرہی ہے،ایکس،فیس بک اور دیگرسوشل میڈیاسائٹس پر حکومت پاکستان کا کوئی کنٹرول نہیں ہے،ایف آئی اے میں سائبر کرائم ونگ تو موجود ہے لیکن اس کے پاس افرادی قوت بہت کم ہے،ان تمام پہلوؤں کو بھی مدنظر رکھناہوگا ،چیف جسٹس عامرفاروق نے سخت ریمارکس دیئے اور یہاں تک کہاکہ مہم چلانے والوں کو جیل بجھوایاجائے گا اور ادارہ جاتی ردعمل دیاگیاہے،اگریہ الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو عدلیہ توہین عدالت کے تحت کارروائی کرکے ذمہ داروں کو اڈیالہ جیل بھجوانے کااختیار رکھتی ہے۔
بلوچستان کودیئے 55ارب کہاں گئے؟تحقیقات ہونی چاہیے








