بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت کی PTI کو مذاکرات کی پیشکش پر اسٹیبلشمنٹ کو مسئلہ نہیں، رانا ثناء

اسلام آباد (ویب ڈیسک)رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش پر ملٹری اسٹیبلشمنٹ کو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ موجودہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ خلوص کے ساتھ پاکستان کا بھلا چاہتی ہے اور اگر ملک کی سیاسی قیادت اتفاق رائے کیلئے قومی مفاد کے معاملات پر مل بیٹھیں تو اُن (اسٹیبلشمنٹ) کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ عمران خان بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ سیاسی مخالفین سے بات چیت سے انکار کیا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کابینہ کے مختلف ارکان اور نون لیگ کے رہنماؤں کے علاوہ خود وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کی لیکن کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان کے درمیان تمام ایشوز پر بات چیت کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سیاسی قیادت کو مل بیٹھنے، بات چیت اور اپنے اختلافات دور کرنے اور قومی مفاد کے معاملات پر سیاسی اتفاق رائے کی اشد ضرورت ہے۔ عمران خان نے حال ہی میں اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ ان کی جماعت دہشت گردی کیخلاف فوج کے آپریشن ’’عزمِ استحکام‘‘ پر حکومت کی طرف سے بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کرے گی۔ انہوں نے حکومت کی مذاکرات کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ اس کے بجائے انہوں نے زور دے کر کہا کہ مذاکرات کا وقت گزر چکا، بالخصوص 8 فروری کو، اور انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے خیال کو مسترد کر دیا، جس کے بارے میں ان کا خیال تھا کہ یہ ایک کمزور حکومت ہے۔ حکومت نے حال ہی میں آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں کے خدشات دور کرنے کیلئے اے پی سی بلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ کانفرنس کا مقصد سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ تمام فریق آپریشن کے مقاصد پر متحد ہیں۔ 22 جون کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی نے ملک بھر سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے آپریشن ’’عزمِ استحکام‘‘ کی منظوری دی تھی۔ وزیر اعظم شہباز نے اس آپریشن کے آغاز کے ذریعے انسداد دہشت گردی کی قومی مہم کو دوبارہ فعال کرنے کی منظوری دی اور یہ اقدام صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے قومی عزم کی علامت ثابت ہوگا۔ آپریشن اعظم استحکام کے حوالے سے حکومتی اعلان کو پی ٹی آئی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ نون لیگ کے کچھ اتحادیوں نے بھی تحفظات ظاہر کیے۔ حکومت نے مختلف سطحوں پر یہ واضح کرنے کی کوشش کی کہ کوئی نیا فوجی آپریشن شروع نہیں کیا جا رہا لیکن حکومتی اقدامات سے وہ آوازیں بند نہ ہوئیں جو آپریشن کی مخالفت میں اُٹھ رہی تھیں۔ اگرچہ حکومت نے عمران خان کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے کہ ان کی پارٹی اے پی سی میں شرکت کرے گی لیکن اجلاس کی کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت 10 محرم سے پہلے یا بعد میں اے پی سی بلانے پر غور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی کے معاملے پر حکومتی ٹیم کچھ اتحادی جماعتوں سے ملاقات کر چکی ہے اور اب اس معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف سے بات کرے گی۔
(انصار عباسی)