اسلام آباد: پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے کے سربراہ فلیپو گرینڈی نےاپنے تین روزہ دورہ پاکستان کے آخری مرحلے میں ہری پوراور پشاور میں افغان مہاجرین اور پناہ گزینوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کےلئے طویل مدتی حل کے لئے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں اسلام آباد کی حکومت نے ملک میں رہنے والے غیر قانونی غیر ملکی لوگوں کے لیے وطن واپسی کے ایک منصوبے کے اعلان کیا تھا، جس کے بعد یو این ایچ سی آر کے سربراہ کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔ پاکستان میں یو این ایچ سی آر کے ترجمان قیصر آفریدی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین گرینڈی نے افغان مہاجرین کے وفود سے ملاقات کی، جنہوں نے پاکستان میں اپنے مسائل سے متعلق انہیں آگاہ کیا۔








