اسلام آباد (اصغر چوہدری) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے تین جوانوں اور کیپٹن اسامہ بن ارشد کے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں ان کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں،وطن کے دفاع کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اپوزیشن لیڈر نے اپنے بیان میں فائرنگ کے نتیجے میں کیپٹن اسامہ بن ارشد کے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کیپٹن اسامہ بن ارشد کو دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کے مرتبے پر فائز ہونے پر خراج عقیدت پیش کیا ۔عمر ایوب خان نے شہید کیپٹن اسامہ کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں ان کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ انہوںنے کہاکہ دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد کیلئے ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کی گھنائونی سازش میں مصروف عمل ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت ہمارے حقیقی ہیرو ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوںنے کہاکہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔اپوزیشن لیڈر نے شہید کیپٹن اسامہ بن ارشد کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندان کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا ء کی ۔ قبل ازیں جاری ایک بیان میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے تین جوانوں کے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔عمر ایوب خان نے سپاہی اسد اللہ، سپاہی محمد سفیان اور زین علی کو دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا ۔اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی نے شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہاکہ دکھ اور غم کی گھڑی میں شہدا کے اہلخانہ کے غم اور صدمے میں برابر کا شریک ہیں۔عمر ایوب خان نے کہاکہ وطن کے دفاع کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ پوری قوم دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔اپوزیشن لیڈر نے اللہ تعالی سے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا ء کی ۔ انہوںنے کہاکہ سیکیورٹی فورسز نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کیا ہوا ہے۔
وطن کے دفاع کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، عمر ایوب








