بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عدت کیس،خاورمانیکا نے سابق اہلیہ پرگھٹیاالزام لگائے

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدت کیس میں سول جج کی طرف سے دی گئی سزا کو ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے کالعدم قراردیدیا ہے اور دونوں کو عدت کیس میں بری کرتے ہوئے فوری طور پر رہا کرنے کا حکم جاری کردیا ہے ، یہ مشہور مقدمہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے 2023میں دائر کیا تھا ، مقدمے کی سول عدالت کے جج قدرت اللہ نے سماعت کی تھی اور 8 فروری کے الیکشن سے چند روزقبل عجلت میں سماعت مکمل کرتے ہوئے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 7،7سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی ، اس کیس میں جو بھی حقائق ہیں وہ تو سامنے آچکے ہیں ، ایک طرف عمران خان کا جھوٹ بولنا یا غلط بیانی سے کام لینا بھی ثابت ہوا۔نکاح پڑھانے والے مفتی سعید نے دومرتبہ نکاح پڑھایا ان کا ٹی وی انٹرویوز اور عدالت میں دیا گیا بیان ریکارڈکا حصہ ہے کہ عدت کی مدت مکمل ہونے سے پہلے میں نے ایک نکاح پڑھایا اور جب اپنی غلطی کا احساس ہوا تو دوسرا نکاح پڑھایا،خاور مانیکا جو پانچ سال تک اس معاملے پر خاموش رہے اور اس وقت نہ تو ان کی کوئی غیرت جاگی اور نہ ہی عدت کی مدت مکمل ہونے پر نکاح پڑھانے کا معاملہ منظر عام پر لایا بلکہ ایک انٹرویو میں خبریں شائع ہونے کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کے حق میں بیان دیا ،خاور مانیکا عمران خان کے دور میں ڈی پی او پاکپتن رضوان گوندل کو معطل کرانے کے ذمہ دار بھی قرار پائے، وزرا کے پاس کام بھی کراتے رہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ انہوں نے پانچ سال بعدکیس دائرکیا اور اپنی سابقہ اہلیہ پرگھٹیا الزامات لگائے ، بعض ایسے الزامات بھی لگائے جنہیں تحریر میں بھی لانا مناسب نہیں ، لگتا ہے خاور مانیکا نے یہ سب کچھ کسی کے دبائو میںکیا ، اس بارے میں ابھی تک صورتحال واضح نہیں ہوئی، خاور مانیکا کے موقف کو زیادہ پذیرائی کئی حوالوں سے نہیں ملی کہ وہ بار بار اپنے بیانات بدلتے رہے، بشریٰ بی بی کے دوبیٹوں اور دو بیٹیوں نے اس معاملے میں ان کا ساتھ نہیں دیا، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی شادی جس ماحول میں ہوئی اس پر بھی بہت سے سوالات موجود ہیں اور عون چودھری یہ دعویٰ کرتے رہے کہ انہوں نے بشریٰ بی بی کی عمران خان سے ملاقات کرائی تھی اور بشریٰ بی بی نے یہ کہا تھا کہ عدت کی مدت مکمل ہونے سے پہلے نکاح ہوگا تو عمران خان وزیراعظم بنیںگے ، بشریٰ بی بی پر ن لیگ اور مخالفین جادو ٹونے کے الزامات بھی لگاتے ہیں۔سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے قریبی ذرائع نے بھی یہ بات مشہورکر رکھیتھی کہ ان پر کئی مرتبہ جادوکیا گیا،وہ جب بھی بنی گالہ عمران خان سے ملاقات کیلئے جاتے تو انہیں ایک پیر صاحب نے ہدایت کر رکھی تھی کہ وہاں جا کرکوئی چیز کھانی پینی نہیں،خاور مانیکا کے پاس موقع ہے کہ وہ اس فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیں ۔دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ وہ استعفیٰ دے دیں گے مگر دبائو میں نہیں آئیں گے ۔انہوں نے یہ بات ایف بی آرکے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ چھپن چھپائی برداشت نہیں ،کام کرنا ہوگا ،آئی ایم ایف سے نیا معاہدہ ملک اور قوم کے مفاد میں ہے ، ٹیکس چوری برداشت نہیںکی جائیگی ، ٹیکس لینے کے نام پر صنعتکاروں اور تاجروں کو تنگ کرنے کی بھی اجازت نہیں دیں گے ،وزیراعظم کا یہ بیان بہت اہمیت کا حامل ہے ، سوچنے کی بات ہے انہیں کس کے دبائو کا سامنا ہے ،کونسا مافیا ہے جو وزیراعظم کو دبائو میں لانا چاہتا ہے ، حالانکہ حالیہ چار ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو سیاسی محاذ پر وزیراعظم کو تحریک انصاف کی مقبولیت اور عمران خان کو پے در پے عدالتی ریلیف کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے مگر ان سیاسی مشکلات کے باوجود شہبازشریف دن رات محنت کر کے ملکی معیشت کو صحیح سمت میں ڈالنے کی کوششیں کر رہے ہیں ، آئی ایم ایف کے ساتھ 7 ارب ڈالر کا سٹاف لیول کا معاہدہ طے پانا حکومت کی بڑی کامیابی ہے ، ایف بی آر ایک کرپٹ ادارہ ہے اور کرپشن کی رقم کی تقسیم پر تو افسران ایک دوسرے پر پستول نکال لیتے ہیں ، ایف بی آر اگر درست ہو جائے نہ صرف ملکی معیشت درست ہوسکتی ہے بلکہ ٹیکس وصولی کے نئے ریکارڈ بن سکتے ہیں ، ایف بی آر کے کرپٹ افسران اور عملہ تاجروںکو خود یہ راستہ دکھاتے ہیںکہ کیسے ٹیکس سے خودکو بچائیں اور ان کی جیب بھریں ،وزیراعظم کو اس وقت بجلی کی قیمتوں اور آئی پی پی معاہدوںکی وجہ سے تنقیدکا سامنا ہے ، حال ہی میں انہوں نے 200یونٹ والے صارفین کو تین ماہ کیلئے عارضی ریلیف بھی دیا ہے ، وزیراعظم نے سولرکے استعمال کی حوصلہ افزائی کی ہے، سولرکی قیمتیں بھی کم ہوئی ہیں ، ضرورت اس امرکی ہے کہ وزارت توانائی کی کرپشن پر بھی توجہ دی جائے ، ایکسیئن ،ایس ڈی اوزکے اثاثے چیک کرائیں تو ان کے اثاثے بعض سیاستدانوں سے زیادہ نکلیں گے ، اس ملک میں پٹواری ، تحصیلدار اور بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کے ملازمین کی کرپشن اور بدعنوانی کی سزا عام عوام بھگت رہے ہیں، ان چیزوںکو درست کرنے کیلئے ایف آئی اے کو میدان میں آنا پڑے گا، ایف آئی اے نے کچھ کارروائیاںکی بھی ہیں لیکن وہ آٹے میں نمک کے برابر ہیں اور عدالتوںکو بھی ایسے کرپٹ عناصرکو ریلیف دینے کے طرز عمل کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔