بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

28 سال میں کسی کو پُرتشدد احتجاج کا نہیں کہا، 9 مئی واقعات کی آزادانہ انکوائری نہیں ہوئی، عمران خان کا جج سے مکالمہ

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کے مقدمات کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان بذریعہ ویڈیو لنک پیش ہوئے۔ عمران خان نے جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ 28 سال میں کسی کو پر تشدد احتجاج کا نہیں کہا۔ 9 مئی واقعات کی آزادانہ انکوائری کسی نے نہیں کروائی۔
9 مئی کے 12 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔
جج اے ٹی سی نے بانی پی ٹی آئی کو کیسز اور وکلا کے بارے میں بتایا، اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ ’جج صاحب آپ سے کچھ بات کرنا چاہتا ہوں۔ جس پر جج نے بانی پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ بات کریں‘۔
عمران خان نے کہا کہ ’سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی کہ نو مئی واقعات پر آزادانہ انکوائری ہونی چاہیے، نو مئی واقعے کی آزادانہ انکوائری نہیں ہوئی‘۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ’گجرانوالہ میں مجھ پر جو حملہ ہوا، میں چاہتا تھا کہ جنرل فیصل نصیر پر ایف آئی آر ہو مگر پرچہ نہیں ہوا‘۔
سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ’کیپیٹل ہل کے حملے میں ویڈیوز کے ذریعے حملہ آوروں کو پکڑا گیا‘۔
عمران خان نے کہا کہ ’ 28 سال میں آج تک کسی کو پُرتشدد احتجاج کا نہیں کہا، 9 مئی واقعات کی آزادانہ انکوائری کسی نے نہیں کروائی’۔
جج خالد ارشد نے ریمارکس دیے کہ ’میں نے ویڈیو لنک پر بانی پی ٹی آئی کو دیکھا ہے، ماشاءاللہ صحت مند ہیں، میں نے جو پانچ منٹ ان سے گفتگو کی ہے، وہ کھڑے بھی ہوئے، بیٹھے بھی، ماشاءاللہ انہوں نے اچھے طریقے سے بات کی‘۔
سماعت شروع ہونے سے قبل یہ بات سامنے آئی تھی کہ پولیس کی جانب سے عدالت سے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی جائے گی اور بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ہی تفتیش کی اجازت مانگی جائے گی۔
گزشتہ روز پولیس کی تفتیشی ٹیم نے جناح ہاؤس حملے سمیت 9 مئی کے بارہ مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈال دی تھی۔
بعد ازاں نو مئی کے تین مقدمات میں لاہور پولیس نے اڈیالہ جیل میں تفتیش کی، بانی پی ٹی آئی کے خلاف کُل سولہ مقدمات درج ہیں، جس میں چار میں سے وہ ضمانت پر ہیں۔
راولپنڈی : اڈیالہ جیل میں نیب ٹیم نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے پونے 3 گھنٹے تک تفتیش کی۔ اس دوران بلگیری جیولری سیٹ کے حوالے سے مخلتف سوالات پوچھے گئے۔ نیب ٹیم تفتیش کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔
 ٹیم نے گزشتہ روز بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا تھا۔ نیب ٹیم نے ملزمان کو 2 دن قبل اڈیالہ جیل میں گرفتار کیا تھا۔
 یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کا آٹھ آٹھ دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا تھا، راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج محمدعلی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں نیب ریفرنس کی سماعت کی تھی۔