اسلام آباد : سابق وزیراعظم وصدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیرسردار تنویر الیاس خان کے میڈیا کوآرڈینیٹر راجہ قمر الزمان نےکہا ہے کہ 19 جولائی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو اسلام آباد میں یاداشت پیش کی جائے گی کہ ہندوستان نے خود اقوام متحدہ کو یہ یقین دلایا تھا کہ کشمیریوں کو موقع دیا جائے گا کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں، اس کیلئے سابق وزیراعظم اور صدر استحکام پاکستان پارٹی آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان اپنے ساتھیوں ، سیاسی قائدین اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماوں کے ہمراہ یاداشت پیش کریں گے، اقوام متحدہ کو یادہانی کرائی جائے گی کہ اس کی سیکیورٹی کونسل اور سلامتی کونسل نے کشمیریوں سے وعدہ کر رکھا ہے کہ حق خودارادیت کے ذریعے کشمیری اپنی مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے۔ کشمیریوں کے مستقبل کے حوالے سے ہندوستان نے جو وعدے اقوام متحدہ میں سیکیورٹی کونسل کے ممبر ممالک کے ساتھ کر رکھے ہیں ، اب اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے ممبر ممالک، دنیا کے تمام ممالک اور عالمی امن کے خواہاں ممالک اور فورمز جو امن پر یقین رکھتے ہیں انہیں آگے آنا ہو گا اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ مسئلہ جموں کمشیر کی وجہ سے دنیا کا امن خطرے میں ہے، جنوبی ایشیا میں کشمیری پاکستان کا حصہ ہیں اور پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، کشمیری کبھی بھارت کے یکطرفہ اقدامات کی حمایت نہیں کرتے، لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کرنی والی قوم کی منزل پاکستان کے ساتھ ہے انہوں نے مزید کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے کشمیر کے عوام کے حقِ خود ارادیت کی ضمانت دی تھی؛ تاہم بھارت آج تک اس مسئلے کے ممکنہ حل کی راہ میں روڑے اٹکاتا آ رہا ہے۔ بھارت سمیت دنیا بھر کو اقوام متحدہ کی اس ضمانت کے بارے میں یاد دلانا انتہائی ضروری ہے کیونکہ اُس وقت بھی اور آج بھی‘ انسانی حقوق کے حوالے سے اقوام متحدہ سے بڑا دنیا میں کوئی ادارہ موجود نہیں لہٰذا ہر سال جنوری کو پوری دنیا میں کشمیری عوام یومِ حق خود ارادیت کے طور پرمناتے ہیں اور دیگر ممالک اور عالمی تنظیموں کی طرح اقوام متحدہ کو یہ یاد دلاتے ہیں کہ اس نے 13 اگست 1948ء اور 5 جنوری 1949ء کو اپنی قراردادوں میں کشمیری عوام کو رائے شماری کا موقع فراہم کرنے کا جو وعدہ کیا تھا اس پر عمل درآمد کیے بغیر مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور شفاف حل ممکن نہیں۔
19 جولائی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو اسلام آباد میں یاداشت پیش کی جائے گی، راجہ قمر الزمان








