بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سردار تنویر الیاس19جولائی کو یواین مشن کو یادداشت پیش کریں گے،سردار افتخار رشید

 اسلام آباد:سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کے ہمراہ سابق پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید نے کہا ہے کہ کشمیریوں کا موقف واضح ہے کہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے، 19 جولائی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو اسلام آباد میں یاداشت پیش کی جائے گی کہ ہندوستان نے خود اقوام متحدہ کو یہ یقین دلایا تھا کہ کشمیریوں کو موقع دیا جائے گا کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں، اس کیلئے سابق وزیراعظم اور صدر استحکام پاکستان پارٹی آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان اپنے ساتھیوں ، سیاسی قائدین اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماوں کے ہمراہ یاداشت پیش کریں گے۔یاداشت میں اقوام متحدہ کو یہ یاد کرایا جائے گا کہ کشمیر کے لوگوں کو حق دلوانا انکی ذمہ داری ہے۔ سردار افتخار رشید نے کہا کہ کشمیری آج بھی بھارت سے آزادی کیلئے اسی طرح جدوجہد کر رہے ہیں جیسے 76سال پہلے کر رہے ہیں۔ ہر سال مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج حقِ خود ارادیت کا مطالبہ کرنے والے پُرامن مظاہروں کو کچلنے کے لیے خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں کشمیریوں کو شہید کر دیتی ہے۔ نہتے نوجوانوں کو دہشت گردقرار دے کر انہیں شہید کر دیا جاتاہے۔ آزادی کا نعرہ لگانے والی آواز کو ہمیشہ کیلئے خاموش کر دیا جاتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کو سات دہائیاں بیت گئی ہیں، تاہم کشمیریوں پر ظلم و جبر کا سلسلہ تھمنے کی بجائے اور تیز ہوگیا ہے۔ بھارت خود حیران ہے کہ سینکڑوں شہادتوں‘ پیلٹ گنوں سے معذوری کے واقعات کے باوجود آخر کیسے کشمیریوں کا جذبۂ آزادی اور پاکستان میں شمولیت مزید جنون اور تیزی پکڑ رہا ہے۔سردار افتخار رشید نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی سرزمین کو دنیا کی سب سے بڑی جنگی سرزمین میں بدل دیا گیا ہے۔بھارتی فوج نے کشمیری میں بہت سے متنازع قوانین نافذ کر رکھے ہیں جن میں آرمڈ فورسز سپیشل پاور ایکٹ اینڈ پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین بھی شامل ہیں ان کے تحت کسی بھی شخص کو شک کی بنا پر غیرمعینہ مدت کیلئے گرفتار کیا جا سکتا ہے حتیٰ کہ ماورائے عدالت قتل بھی کیا جا سکتا ہے۔ وادیٔ کشمیر اس وقت تاریخ کی بدترین صورتحال سے دوچار ہے، 5 اگست 2019ء کے بعد سے مودی سرکار کی جانب سے آئے روز کشمیر میں عوام پر عائد کی جانے والی پابندیوں اور سختیوں میں اضافہ ہو رہاہے۔ کشمیر میں خوف و ہراس عروج پر ہے اور غیریقینی کی صورتحال نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔پاکستان ہمیشہ کی طرح کشمیریوں کی اخلاقی‘ سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے جو اس کا بنیادی فرض بھی ہے۔ کشمیری عوام بھی پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں اور ہر مشکل میں ‘پاکستان زندہ باد‘ اور کشمیر بنے گا پاکستان‘ کے نعرے لگاتے ہیں۔ ان نعروں کی انہیں کی جو قیمت انہیں ادا کرنا پڑتی ہے ‘وہی جانتے ہیں۔