بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کی نواز شریف سے تیسری ملاقات، مخصوص نشستوں اور پی ٹی آئی پابندی پر حکومتی حکمت عملی تیار

وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے تین روز میں تیسری بار ملاقات ہوئی ،مخصوص نشستوں کے فیصلے کے بعد حکومت نے اپنی حکمت عملی وضع کرلی ۔
 نجی ٹی وی کے مطابق نوازشریف نے ملاقات کے دوران شہباز شریف کو تمام آئینی اور سیاسی آپشن استعمال کرنے کا مشورہ دیا، وزیراعظم نے نواز شریف کو صدر آصف زرداری سمیت دیگر اتحادیوں سے رابطوں اور مشاورت سے آگاہ کیا۔
چھانگلہ گلی رہائش گاہ پر ہونے والی مشاورت میں مریم نواز بھی موجود تھیں،ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
  ملاقات میں تحریک انصاف پر پابندی سمیت دیگر اقدامات پر عمل درآمد کی حکمت عملی پر مشاورت بھی ہوئی، مشاورتی عمل میں کیے گیے تمام فیصلوں سے پارٹی کے سینیر رہنماؤں کو بھی اعتماد میں لیا گیا۔
محرم کے بعد وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی بلایا جائے گا، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس بھی شیڈول سے قبل بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومت اہم فیصلوں کے حوالے سے ایوان کو اعتماد میں لے گی، اس کے علاوہ نواز شریف کی ہدایت پر قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، قومی اسمبلی کا اجلاس اگلے ہفتے کے دوران طلب کیا جائے گا۔
وزارت پارلیمانی امور نے وزیراعظم کی ہدایت پر اجلاس بلانے کی سمری تیار کرلی، جس میں سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں پر فیصلے کے تناظر میں بحث ہوگی۔