اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے عمل کا حصہ نہ بننے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قومی اسمبلی سے پاکستان تحریک انصاف کے استعفیٰ دینے والے تمام ارکان کو اسپیکر کی جانب سے تصدیق کے عمل کے لیے طلب کیے جانے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا جس میں تمام اراکین کو 6 جون کو طلب کیا گیا ہے تاہم پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کے عمل میں شامل نہ ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اراکین اسمبلی استعفوں کی تصدیق کے عمل کا حصہ نہ بنیں اور اس سلسلے میں ارکان اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے لیے نہ جائیں۔پی ٹی آئی قیادت نے پارٹی ارکان کے سامنے مؤقف اپنایا کہ ہم قومی اسمبلی سے استعفے دے چکے ہیں اور ہمارے استعفیٰ منظور بھی ہوچکے ہیں لہٰذا مزید کسی اقدام کی ضرورت نہیں۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کا موقف سامنے آنے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قانونی و آئینی ماہرین سے مشاورت شروع کردی اور اس معاملے میں انہیں 3 تجاویز پیش کی گئیں۔سپیکر قومی اسمبلی کو دی جانے والی تجاویز میں کہا گیا کہ ممبران پیش نہ ہوئے تو استعفوں کو منسوخ کردیا جائے یا پھر ان استعفوں کو قبول بھی کیا جاسکتا ہے اور ممبران پیش نہ ہونے پر استعفوں کو زیر التواء رکھا جائے۔ اسپیکر قومی اسمبلی وزیراعظم سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔
پی ٹی آئی کی اپنے ارکان کو استعفوں کی تصدیق کا عمل کا حصہ نہ بننے کی ہدایت








