اسلام آباد(ممتاز نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف نے تحفظ ختم نبوت ؐ کے معاملے پر پارلیمنٹ کی تاریخی قرارداد کی منظوری کے 50 سال مکمل ہونے پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔اپنے بیان میں کہا کہ الحمدللہ، آج تحفظ ختم نبوت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے معاملے پر پارلیمنٹ کی متفقہ تاریخی قرارداد کی منظوری کو پچاس سال مکمل ہوگئے ہیں جس میں پوری قوم کو مبارک پیش کرتے ہوئے اس تحریک کو پیش کرنے، منظور فرمانے، اسلام اور ہمارے ایمان کے اہم ترین موضوع پر ہر ابہام دور کرنے میں کردار ادا کرنے والے ارکان پارلیمان، علماء کرام، مشائخ عظام،اسلامی۔سکالرز کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ 7ستمبر1974کو پاکستان کی پارلیمنٹ نے تحفظ ناموس رسالت ﷺ کا حق ادا کیا۔ عقیدہ ختم نبوت ﷺ ہمارا ایمان اور جان ہے جس پر سب کچھ قربان ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کا بل آج سے ٹھیک 50 سال پہلے پارلیمنٹ سے پاس کیا گیا ۔ آج ان تمام ممبران پارلیمنٹ اور لیڈرز کو جنہوں نے اس بل کو پاس کرنے میں کردار ادا کیا ان سب کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے قومی اسمبلی کو سبز رنگ کی روشنی سے آراستہ کیا گیا۔”تاجدار ختم نبوت زندہ باد”








