بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

190ملین پائونڈ کیس میں عمران کی بریت کی درخواست ایک اوریوٹرن

اسلام آباد(طارق محمود سمیر) سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ایک بڑا یوٹرن لے لیا ہے ،ایک طرف انہوں نے پی ڈی ایم حکومت میں نیب ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جونہی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی
سربراہی میں قائم بینچ نے ان ترامیم کو بحال کیا تو چوبیس گھنٹے کے اندرہی مشہور کیس 190ملین پائونڈ ریفرنس میں بری کرنے کی باضابطہ درخواست نیب عدالت میں دائر کردی ہے ،عمران خان نے اسی موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ موقف اختیار کیا کہ نیب ترامیم تباہی کا راستہ ہے اور یہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اپنے لیے این آر او جاری کرایا تھا لیکن ساتھ ہی ان کے وکلاء نے عدالت میں درخواست دائر کی کہ 190ملین پائونڈ کیس اب عدالت میں مزید نہیں چلایا جاسکتا اور عمران خان کو اس کیس میں بری کیا جائے جس پر عدالت نے اس کیس کی مزید سمت 10ستمبر تک یہ کہہ کر ملتوی کردی ہے کہ عمران خان کی درخواست پر نیب اپنا جواب داخل کرائے ، عمران خان نے ماضی میں بھی اسی طرح کے کئی یوٹرن لیے ہیں ، ایک وقت تو انہوں نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو اپنا باس مانا اور بعدازاں اسے میر جعفر اور میرصادق قراردیا ، اپنی حکومت جانے کا ذمہ دار امریکہ اوراسٹیبلشمنٹ کو قرار دیا پھر اپنے بیانات سے مکر گئے ، دلچسپ بات یہ ہے کہ جب پی ڈی ایم دور میں نیب آرڈیننس میں 27ترامیم کی گئیں تو عمران خان نے اسے بنیادی انسانی حقوق کے منافی قراردیتے ہوئے اس وقت کے اپنے پسندیدہ چیف جسٹس (ر) عمر عطا بندیا ل کے پاس درخواست دائر کردی اور عمر عطا بندیال کے ہی ہمنوا جسٹس (ر) اعجاز الاحسن نے ان ترامیم کو کالعدم قرار دیدیا ، تحریک انصاف چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر شدید تنقیدکرتی رہتی ہے اور کہتی ہے کہ وہ انصاف نہیں دیتے اب دیکھیںکہ کل ہی انہوں نے نیب ترامیم کو بحال کیا اور سپریم کورٹ کے سابقہ فیصلے کو منسوخ کردیا اور عمران خان نے اس سے فوری طور پر فائدہ حاصل کرنے کیلئے بریت کی درخواست بھی دائر کردی ،دوسری جانب اسرائیلی میڈیا میں شائع ہونے ایک رپورٹ میں خطرناک انکشاف کیا گیا ہے کہ عمران خان پاکستان اور اسرائیل کے سفارتی تعلقات قائم کرانے میںاپنا کرداراد ا کرسکتے ہیں ،اسرائیلی اخبار کی رپورٹ میں عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما اور گولڈ اسمتھ فیملی کا بھی خصوصی ذکر کیا گیا ہے ، یہ بھی لکھا گیا ہے کہ جمائما کے بھائی زیک گولڈا سمتھ کے عمران خان سے قریبی تعلقات ہیں کیونکہ لندن کے میئر کے الیکشن میں عمران خان نے مسلمان صادق خان کی بجائے جمائما کے بھائی کی حمایت کی تھی ،ایک ایسے وقت میں اسرائیلی اخبار میں اس طرح کی رپورٹ شائع ہونا تحریک انصاف کی سیاست کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ حالیہ چند ماہ میں اسرائیل نے غزہ میں جو انسانیت سوز مظالم کئے ہیں اس پر نہ صرف پاکستان ،دیگر اسلامی ممالک کے عوام میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے بلکہ یورپ، امریکہ اور دیگر ممالک میں بھی عوامی سطح پر احتجاج کیا گیا ہے ، اس معاملے کی تہہ میں جانے کی ضرورت ہے کہ ایسے وقت میں اسرائیلی اخبار میں اس طرح کا آرٹیکل شائع ہونے کے کیا مقاصد ہیں کیونکہ عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلرکا الیکشن بھی لڑ رہے ہیں اور ہوسکتا ہے کہ اس آرٹیکل کے شائع ہونے کے بعد ووٹوںکو عمران خان کی طرف مائل کرنے کی کوشش ہوکیونکہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے ڈھائی لاکھ ووٹرز میں امریکا ،برطانیہ اور دیگر ممالک کے یہودیوںکی بڑی تعداد بھی شامل ہے ۔