اسلام آباد میں جاری تحریک انصاف کے جلسے کو انتظامیہ نے فوری ختم کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلسے کے لیے شام 4 سے 7 بجے کے احکامات جاری کیے گئے تھے جبکہ اسلام آباد کی چنگی نمبر 26 پر پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس میں تصادم ہوا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسلام آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنگجانی مویشی منڈی میں جلسے کا انعقاد کررہی ہے جس میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے اور جلسے سے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خطاب کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے جلسہ ختم کرنے کے تحریری احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ وقت پر ختم نہ کر کے پی ٹی آئی نے شرائط کی خلاف ورزی کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ منتظمین کوآگاہ کردیاتھا کہ 7 بجے تک جلسہ ختم کرنا ہوگا اور این او سی کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
این او سی کے مطابق پی ٹی آئی کو جلسے کے لیے شام 4 سے 7 بجے تک کا وقت دیا گیا تھا لیکن پی ٹی آئی کا جلسہ مقررہ وقت پر ختم نہ ہوسکا۔
اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جلسہ گاہ فوری خالی کرنے کا حکم دیتے ہوئے این او سی میں درج شرائط کی خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ دیا۔
ادھر، اسلام میں تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوئی جہاں کارکنوں کی جانب سے مبینہ پتھراؤ پر پولیس نے 26نمبر چونگی پر شیلنگ شروع کر دی ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پتھراؤ سے ایس ایس پی سیف سٹی سمیت اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے لیکن مظاہرین کا کہنا ہے کہ پولیس نے انہیں پہلے روکنے کی کوشش کی ہے۔
اس موقع پر پولیس کی جانب سے شیلنگ کے ساتھ ساتھ آنسو گیس کا بھی استعمال کیا گیا جبکہ کچھ افراد کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
آنسو گیس کی شیلنگ کے بعد 26 نمبر چونگی پر حالات کشیدہ ہیں جبکہ حالات خراب ہونے پر مزید نفری بھی طلب کیے جانے کا امکان ہے۔








