بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اعلیٰ عدلیہ کے حوالے سے آئینی ترامیم کیلئے قومی اسمبلی میں نمبر گیم معمہ بن گیا

اعلیٰ عدلیہ کے حوالے سے آئینی ترامیم کیلئے قومی اسمبلی میں نمبر گیم معمہ بن گیا ہے، حکومت کا مطلوبہ نمبر پورا کرنے کا دعویٰ ہے، مگر کام بظاہر مشکل لگ رہا ہے۔
حکومت اعلیٰ عدلیہ کے حوالے سے اہم آئینی ترمیم لانا چاہتی ہے، جس کیلئے ایوان زیریں میں اسے دوتہائی اکثریت یعنی ایوان کے کل ممبران 336 میں سے 224 ممبرز کی حمایت ضروری ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق حکومت کیلئے نمبرز گیم پورا کرنے میں خاصی مشکل ہورہی ہے، اسی لیے مجوزہ قانون سازی کا معاملہ تاخیر کا شکار ہورہا ہے۔
قومی اسمبلی کے ایوان میں اس وقت 312 ممبران موجود ہیں جبکہ خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں سمیت 24 نشستیں یا تو متنازع ہیں یا ابھی خالی ہیں جن پر نوٹیفیکیشن ہونا ہے۔
حکومتی اراکین کی تعداد 213 بنتی ہے جس میں مسلم لیگ (ن) کے اراکین کی تعداد 111 ہے، پیپلز پارٹی کے اراکین کی تعداد 68، ایم کیو ایم کے 22 اراکین، ق لیگ کے پانچ، استحکام پاکستان پارٹی کے چار، مسلم لیگ ضیا، نیشنل پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کا ایک ایک رکن شامل ہے۔
اسی طرح اپوزیشن اراکین کی تعداد 101 ہے جس میں سنی اتحاد کونسل کے 80، آزاد اراکین چھ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آٹھ اراکین، بی این پی، مجلس وحدت المسلمین اور پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کا ایک ایک رکن شامل ہیں۔
اگر جے یو آئی ف بل پر حکومت کی حمایت کرتی ہے تو حکومت کو حاصل نمبرز 221 ہوجائیں گے جس کے بعد اسے مزید تین ممبران کی ضرورت ہوگی۔
اگر سنی اتحاد کونسل یا کسی دوسری اپوزیشن جماعت کا کوئی رکن آئینی بل کی حمایت میں ووٹ کرتا ہے تو وہ نااہل ہوجائے گا لیکن اس کا ووٹ گنا جائے گا۔
اگر آٹھ آزاد اراکین جو اپوزیشن میں بیٹھے ہیں ان میں سے کوئی حکومت کی حمایت کرتا ہے تو وہ ڈی سیٹ نہیں ہوگا۔ ان آٹھ اراکین میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہراور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان بھی شامل ہیں جبکہ باقی چھ میں علی اصغر خان، اسلم گھمن، عثمان علی، ظہور حسین قریشی، اورنگزیب کچھی اور مبارک زیب شامل ہیں۔
رحیم یار خان میں جاری ضمنی انتخاب اگر پیپلز پارٹی جیت جاتی ہے تو جے یو آئی ف ملا کر حکومتی نمبر 222 تک پہنچ جائے گا اوراسے صرف دو آزاد اراکین توڑنے ہوں گے۔
صورتحال دلچسپ ہے جو آئندہ دو دن میں واضح ہوجائے گی۔
حکومت ہفتہ کے روز بھی قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے جارہی ہے تو ہوسکتا ہے کہ اس میں مجوزہ آئینی ترمیم پیش کردی جائے۔