اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑنے کہاہےکہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی دھمکی آمیز پوسٹ کے معاملہ کی تحقیقات ایف آئی اے کرے گی۔ایک بیان میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر دھمکی آمیز پوسٹ جاری کی، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے فوج کے ادارے کو ٹارگٹ کیا۔ دریں اثناء ایک اور بیان میں عطاء اللہ تارڑ نے کہاکہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ صحافیوں کو نشانہ بنایا، ان پر حملے کئے، ان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہمات چلائی، وزیر اطلاعات نے کہاکہ پی ٹی آئی کے دور میں اختلاف رائے کرنا، اپنے نظریات رکھنا، کسی جماعت کے نظریئے سے اختلاف کرنا جرم بن چکا تھا، انہوں نے کہاکہ تحریک انتشار نے ہمیشہ صحافیوں کے خلاف غلط زبان کا استعمال کیا، پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر سب سے پہلے صحافیوں کو ہدف بنایا، تحریک انصاف نے اپنے لوگوں کو انکریج کیا کہ جو ان کے حق میں بات نہ کرے، ان پر الزامات لگا دیں، یہ سلسلہ اب تک جاری ہے، وزیر اطلاعات نے کہاکہ آج بھی یاد ہے لاہور میں ثناءمرزا ڈی ایس این جی پر تھیں اور پی ٹی آئی کے لوگ انہیں ہراساں کر رہے تھے، صحافی صدف ان کے کنٹینر کے نیچے آ کر جاں بحق ہوئیں، خواتین صحافیوں کو انہوں نے زدوکوب کیا، ان کے خلاف غلیظ زبان استعمال کی، وزیر اطلاعات نے کہاکہ علی امین گنڈا پور نے اسٹیج پر صحافیوں کے خلاف جو زبان استعمال کی، انتہائی نامناسب ہے، پی ٹی آئی کی پوری جماعت کو علی امین گنڈا پور کے بیان پر غیر مشروط معافی مانگنی چاہئے، انہوں نے کہاکہ علی امین گنڈا پور ایک صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں، کیا انہیں زیب دیتا ہے کہ وہ خواتین اور افواج پاکستان کے بارے میں غلیظ زبان استعمال کریں؟ جو ادارہ خیبر پختونخوا کے اندر قربانیاں دے رہا ہے، آپ اس کے خلاف زبان استعمال کر رہے ہیں، یہ اچھی غیرت ہے جو آپ کی زندگیاں محفوظ بنائیں، آپ انہی کے خلاف غلیظ زبان استعمال کریں، ایسا طرز عمل قابل مذمت ہے، وزیر اطلاعات نے کہاکہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو پارلیمنٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا، ان کی ویڈیوز ریکارڈ پر موجود ہیں، جو چیز کیمرے کی آنکھ نے دکھائی ہے وہ بالکل عیاں ہے، انہیں خواتین صحافیوں اور ایک صوبے کی وزیراعلیٰ کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرنے پر شرمندگی نہیں ہوئی اور اپنی گرفتاریوں پر واویلا شروع کر دیا، وزیر اطلاعات نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی سوچ فسطائیت پر مبنی ہے، لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے ساتھ مل کر انہوں نے اپوزیشن کے ہر رہنما پر کیس بنائے، وزیر اطلاعات نے کہاکہ یہ سمجھ نہی آ رہی کہ ان کی پالیسی کیا ہے؟ یہ ہمارے رہنماؤں کو جھوٹے کیسز میں جیلوں میں ڈالتے رہے اور شادیانے بجا رہے ہوتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا گیا، بانی پی ٹی آئی نے فوج کے ادارے کو ٹارگٹ کیا، یہ ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں، یہ ایک بار پھر اپنے آپ کو شیخ مجیب الرحمان سے کمپیئر کر رہے ہیں، ایف آئی اے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے جاری ہونے والے پیغام کی تحقیقات کرے گی، وزیر اطلاعات نے کہاکہ اس بات کی تحقیقات ہوں گی کہ سوشل میڈیا پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا اکاؤنٹ کون چلا رہا ہے؟ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے ملکی سالمیت کے حوالے سے دوبارہ سازش کرنے کی کوشش کی جو انتہائی قابل مذمت ہے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے لوگوں کو اکسایا کہ آپ مہم شروع کریں، آپ اس سازش میں بالکل کامیاب نہیں ہوں گے، وزیر اطلاعات نے کہاکہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیر داخلہ پر بھی الزامات لگائے حالانکہ انہیں جیل میں تمام سہولیات میسر ہیں، ریاست پر حملے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، انہوں نے کہاکہمعاشی اشاریئے مثبت ہو رہے ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہو رہا ہے، آئی ایم ایف کا معاہدہ حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے، مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آ گئی ہے، برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، معیشت کی بہتری سے انہیں تکلیف ہو رہی ہے اور انہوں نے ملکی اداروں پر حملے کرنا شروع کر دیئے ہیں، یہ اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی دھمکی آمیز پوسٹ کے معاملہ کی تحقیقات ایف آئی اے کرے گی،عطاء تارڑ








