اسلام آباد(طارق محمودسمیر) سپریم کورٹ کے 8ججز نے 12جولائی کے فیصلے پر فوری عمل درآمد کا حکم دیدیا ہے اور الیکشن کمیشن کی طرف سے دائر کی گئی درخواست پر 8ججز نے اپنی وضاحت جاری کردی ہے جس میں کہا گیاہے کہ اب ابہام دور ہوگیا ہے اور پارٹی
سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار تصور ہوں گے ،یہ امیدوار پی ٹی آئی کے پارلیمانی پارٹی کے تمام آئینی اور قانونی تضاضے پورے کرتے ہیں ، الیکشن کمیشن کی جانب سے معاملے پر الجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کی سخت مذمت کی جانی چاہیے اور اس پر عمل درآمد نہ کرنے پر نتائج برآمد ہوسکتے ہیں ،ایک ایسے وقت میں سپریم کورٹ کے 8ججز نے یہ وضاحت جاری کی ہے جب حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کے ججز کی مدمت ملازمت بڑھانے سمیت دیگر آئینی اصلاحات کا پیکج تیار ہے اور کسی بھی وقت وہ منظوری کیلئے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائیگا ،حکومت کا یہ موقف رہا ہے کہ سپریم کورٹ کے 8ججز نے اپنے فیصلے میں آئین کو ری رائٹ کیا حالانکہ قانون کے مطابق جس سیاسی جماعت کے پاس انتخابی نشان ہواور وہ بروقت مخصوص نشستوں کی فہرستیں جمع کرائے تو وہ مخصوص نشستیں حاصل کرنے کی اہل ہوتی ہے لیکن سپریم کورٹ کے ججز نے آئین سے ہٹ کر فیصلہ کیا ، اسی عرصے میں حکومت نے الیکشن ایکٹ 2017میں کچھ ترامیم کیں اور یہ قانون صدر کے دستخط کے بعد نافذ ہوچکا ہے اس قانون کو ابھی تک سپریم کورٹ نے کالعدم قرار نہیں دیا ، اس قانون میں جو ترمیم کی گئی کہ الیکشن کمیشن کے شیڈول تک مخصوص نشستوں کی فہرست جمع کرانے والی جماعت ہی ان نشستوں کی اہل ہوگی اور یہ قانون 2017سے نافذ العمل ہوگا ،بہر حال سپریم کورٹ پاکستان کا ایک آئینی ادارہ ہے اور آج کے 8ججز کے وضاحتی فیصلے کے بعد ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے اور ان 8ججز میں اپنے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو مزید تین سال نئی ترمیم سے ملنے کا راستہ روکنے کا بندوبست کیا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ گزشتہ رات ایک ٹی وی انٹرویو میں ٹیکسلا سے مسلم لیگ (ن)کے نوجوان رکن قومی اسمبلی بیرسٹر عقیل ملک جو لاہور ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس قاسم خان کے داماد بھی ہیں نے انٹرویو کے دوران ناتجربہ کار سیاستدان ہونے کا ثبوت دیا اور انٹرویو میں آن ریکارڈ اس بات کا اعلان کیا کہ آئینی ترمیم آرہی ہے اور یہ دعویٰ بھی کردیا کہ پی ٹی آئی کے متعدد ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی ہے جس کے بعد ان 8ججز نے آپس میں مشاورت کی اور آج ہفتہ کو ایک وضاحت جاری کی گئی ، اس سے پہلے ایک مرتبہ وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی اپنی سیاسی ناتجربہ کاری کے باعث یہ اعلان کیا تھا کہ ججز کی مدمت ملازمت بڑھانے پر غور ہورہا ہے جس کے بعد مخصوص نشستوں کی درخواست پر جسٹس منصور علی شاہ نے فوری طور پر حکم امتناع جاری کردیا تھا۔سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کا موقف ہے کہ دیکھنا پڑے گا کہ آج کی وضاحت کس تناظر میں دی گئی ہے کیاکھلی عدالت میں کوئی سماعت ہوئی ہے یا چیمبر میں ہی فیصلہ کرایا گیا،سپریم کورٹ نے 12جولائی کے فیصلے میں یہ کہا تھا کہ اگر الیکشن کمیشن کو کوئی ابہام نظر آئے تو وہ عدالت سے رجوع کرے ،ان کا کہنا ہے کہ سیاسی اور آئین معاملات پر فیصلہ کرنے کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے ،کیا ہی اچھا ہوتا کہ پہلے تفصیلی فیصلہ دیا جاتا ،ابھی تک نہ تو تفصیلی فیصلہ آیا ہے اور نہ ہی نظر ثانی کی اپیل سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے ، ان کا یہ کہنا ہے کہ فیصلے پہلے کر لیے جاتے ہیں اور لکھنے کیلئے وجوہات بعد میں تلاش کی جاتی ہیں ، ججز کی عمر بڑھانے پر کسی کو کیا اعتراض ہوسکتا ہے ، ماضی میں بھی ایسا ہوچکا ہے ،آج کے فیصلے کے سیاست پر گہرے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں ، پی ٹی آئی کے چار ایسے ارکان ہیں جنہوں نے پارٹی وابستگی وسرٹیفکیٹ جمع نہیں کرایا ،اگر وہ اس ترمیم کے حق میں ووٹ دیتے ہیں تو ان پر فلور کراسنگ لاگو نہیں ہوتی ، اگر اس مرحلے پر حکومت آئینی ترمیم پیش کرنے اور اسے منظور کرانے میں ناکام ہوئی تو اس کی سیاست اور مستقبل کیلئے بہت بڑا دھچکا لگ سکتا ہے۔
8ججزکاجوابی وار، کیاحکومت پھرمشکلات کاشکار؟








