بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی پاداش میں چار طلبا سکول سے خارج

خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کی وجہ سے پر چار طالب علموں کے نام سکول سے خارج کر دیے گئے۔
گورنمنٹ ہائی سکول دنہ کول کے میٹرک کے چار طالب علموں نے سکول کی حدود میں ویڈیوز ریکارڈ کرنے کے بعد ٹک ٹاک پر اَپ لوڈ کر دیں۔
علاقہ مکینوں کی جانب سے سکول کی انتظامیہ کو شکایات موصول ہوئیں تو پرنسپل جمیل احمد نے چاروں طلبا کو سخت سزا دیتے ہوئے انہیں سکول سے خارج کر دیا۔
ضلعی ایجوکیشن آفیسر مظفر علی خان نے وائرل ویڈیوز اور بچوں کے سکول سے اخراج پر انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی اور گورنمنٹ شہید نواب علی سینٹینئیل ماڈل ہائی سکول چکیسر کے ہیڈماسٹر شرافت علی اور گورنمنٹ مڈل سکول برپاؤ کے ہیڈ ماسٹر رشید علی کو ایک ہفتے میں رپورٹ فراہم کرنے کا حکم دیا ۔ شرافت علی کو انکوائری کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں چار طالب علموں کو ایک کلاس روم میں پشتو گانے پر رقص کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ ویڈیو جب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو سکول انتظامیہ نے عوامی شکایات کو مد نظر رکھتے ہوئے طلبا کو سکول سے خارج کرنے کا فیصلہ کیا۔
اُردو نیوز کے مطابق انتظامیہ نے بچوں کو سکول سے خارج کرتے ہوئے ’بیڈ کریکٹر سرٹیفکیٹ‘ بھی دیے جس کے بعد وہ اب کسی بھی سکول میں داخلہ لینے کے لیے اہل نہیں رہے۔
تاہم ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مظفر علی خان نے ایسی خبروں کی تردید کی اور کہا کہ ’ان چار طالب علموں نے 14 اگست کے موقع پر کلاس روم خالی پا کر ایک ویڈیو بنائی تھی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ سکول انتظامیہ نے جذباتی فیصلہ کرتے ہوئے بچوں کو سکول سے خارج کر دیا جو نہیں ہونا چاہیے تھا تاہم بیڈ کریکٹر سرٹیفکیٹ سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سکول انتظامیہ کی اس کارروائی پر سخت ایکشن لیا گیااور بچوں کو دوبارہ داخل کرایا جائے گا۔ ہم نے سکول انتظامیہ کو آگاہ کر دیا ہے کہ یہ ایک معمولی غلطی ہے اور اس کی سزا سکول سے اخراج نہیں ہوسکتی۔ گھر میں اگر بچے غلطی کریں تو انہیں گھر سے نکالا نہیں جاتا بلکہ انہیں سمجھایا جاتا ہے۔
سکول انتظامیہ نے بچوں کے اخراج سے متعلق ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کی۔ اس ویڈیو میں پرنسپل جمیل احمد بتا رہے ہیں کہ ان بچوں نے ڈسپلن کی خلاف ورزی کی جس کے باعث سکول کی بدنامی ہوئی اس لیے انہیں سکول سے خارج کیا جا رہا ہے۔
ویڈیو میں جمیل احمد کو یہ کہتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے کہ ’ان بچوں سے سکول کا بیج اور بیلٹ ضبط کر کیا گیا جبکہ کتابیں بھی واپس لے لی گئیں۔
سکول انتظامیہ کی یہ ویڈیو جب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو اسی علاقے میں ایک اور سرکاری تعلیمی ادارے، شہید نواب علی سینٹینئیل ماڈل ہائی سکول چکیسر کے پرنسپل اور ماہر تعلیم شرافت علی بھی متحرک ہوئے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر نے بعد میں انہیں ہی انکوائری کمیٹی کا چیئرمین نامزد کیا۔
شرافت علی نے بتایا کہ انہوں نے ان بچوں کو اپنے سکول میں داخل ہونے کی پیشکش کی ۔
انہوں نے کہا کہ سکول میں زیر تعلیم طالبات کے والدین نے تشویش کا اظہار کیا تھا جس کے بعد سکول انتظامیہ کو یہ قدم اٹھانا پڑا تاکہ بچے محتاط ہوجائیں لیکن ویڈیو بنانا کوئی ایسی غلطی نہیں کہ بچوں کو سکول سے خارج کر دیا جائے۔ ہمارے سکول کے دروازے ان بچوں کے لیے کھلے ہیں۔
شرافت علی نے مزید بتایا کہ ’سکول میں اساتذہ مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرتے ہیں تاکہ بچوں میں مختلف چیزوں سے متعلق آگاہی پیدا کی جا سکے۔ یہ جدید دور ہے اور اس دور میں بچوں کو کیسے رہنا ہے اس حوالے سے بچوں کے لیے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس معمولی غلطی پر بھی بچوں کو سمجھایا جانا چاہیے تھا کیوں کہ انہیں سکول سے خارج کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے جب کہ کتابیں اور دیگر سامان ضبط کرنا بھی مناسب نہیں کیوں کہ یہ چیزیں سکول کی نہیں بلکہ بچوں کی ملکیت ہیں۔‘
اہلِ علاقہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’علاقہ مکینوں نے ٹک ٹاک ویڈیوز اور بچوں کے اخراج سے متعلق جرگہ بھی بلایا ہے۔‘
شرافت علی نے بتایا کہ ’اس وقت علاقے کے مشران نے سکول انتظامیہ اور بچوں کے والدین کو جرگے میں مدعو کیا ہے جہاں یہ بچے معافی مانگیں گے اور ان کا سکول میں داخلہ بحال کر دیا جائے گا۔‘
چکیسر تحصیل کے ایک رہائشی اور تعلیمی محاذ پر سرگرم ایک مشہور شخصیت نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ ’یہ معاملہ سنگین نوعیت کا ہے۔ دراصل یہ صرف ایک ویڈیو کی بات نہیں بلکہ اس سے قبل بھی کئی ویڈیوز ٹک ٹاک پر اپلوڈ ہوتی رہی ہیں جن میں ایک طالب علم کو طالبہ کے ساتھ ویڈیو بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ ویڈیوز کشر خان نامی ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر اَپ لوڈ کی گئیں۔