کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستانی معروف اداکارہ، کامیڈین اور گلوکارہ بشریٰ انصاری نے ڈراموں میں سخت ساس کا کردار ادا کرنے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ نے ہفتے کی شب ’جیو نیوز‘ کے مقبول ترین مزاحیہ شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے میزبان تابش ہاشمی اور مداحوں کے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔
بشریٰ انصاری نے اپنی جوان نظر آنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ 68 سال کی عمر میں بھی وہ نوجوان دکھائی دیتی ہیں، اور اس کا راز ہمیشہ سے ان کا کم وزن ہونا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب جا کر کچھ وزن بڑھا ہے، لیکن وہ بھی بہت زیادہ نہیں۔
اداکارہ نے وضاحت کی کہ ان کے پاس کم عمر نظر آنے کا کوئی خاص نسخہ یا دعا نہیں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں بشریٰ انصاری نے اپنے نام کی دلچسپ کہانی بھی سنائی۔ شو کے دوران ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ وہ ڈراموں میں اتنی سخت مزاج ساس کا کردار کیسے نبھا لیتی ہیں، اور اگر حقیقت میں کوئی لڑکی ایسی ساس سے واسطہ پڑے تو وہ کیا کرے؟
اس پر بشریٰ انصاری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ وہ حقیقی زندگی میں سخت مزاج ماں یا ساس نہیں ہیں اور ان سے کبھی کسی کو تھپڑ نہیں مارا جاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈراموں میں ایسا کردار ادا کرنا ان کے لیے ایک چیلنج ہوتا ہے، کیونکہ عوام ایسے کرداروں کو پسند کرتی ہے۔
بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ وہ ڈرامے میں کسی پر ہاتھ نہیں اٹھا سکتیں، البتہ کبھی کبھار دھکا دینے یا برا بھلا کہنے پر اکتفا کرتی ہیں۔ مذاق میں انہوں نے کہا کہ ان کی ساتھی اداکارہ صبا حمید ڈراموں میں بہو کو مارنے میں زیادہ ماہر ہیں۔









