قاہرہ،کویت سٹی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (پی جے پی) کے رہنماؤں کی جانب سے توہین رسالتؐ پر سعودی عرب، بحرین اور کویت میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم شروع ہوگئی۔ قطر اور کویت نے بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات پر بھارتی حکومت سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔مسلم دشمنی کو شہہ دینے والے مودی کو او آئی سی اور سعودی عرب سمیت مختلف ملکوں کی جانب سے مذمتوں کا سامنا ہے جبکہ حکمراں جماعت بی جے پی کی ترجمان کی ہرزہ سرائی پر مسلم دنیا میں اشتعال بڑھنے لگا۔ ایران، قطر اور کویت نے بھارتی سفیروں کو طلب کرکے بی جے پی ترجمان کی گستاخی پر شدید احتجاج کیا۔ اسلامی تعاون تنظیم نے بھی مذمتی بیان میں کہا ہے کہ توہین آمیز بیان دینے والوں کی پشت پناہی کرنے والوں کا احتساب کیا جائے۔ اس کے علاوہ انڈونیشیا کی جانب سے بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ انڈونیشیا کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں بھارتی سیاست دانوں کی طرف سے پیغمبراسلام کیخلاف ناقابل قبول توہین آمیز ریمارکس کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ مذمتی پیغام جکارتہ میں بھارتی سفیر کو پہنچا دیا گیا ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب، بحرین اور کویت میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم شروع ہوگئی ہے اور سپر اسٹورز سے احتجاجاً بھارتی اشیا ہٹا دی گئیں ہیں۔ مفتی اعظم عمان احمد بن حمد الخليلی نے بھی بھارتی اشیا کے بائیکاٹ کی اپیل کی ہے۔ خیال رہےکہ بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں اسلام اور نبی کریمؐ کے حوالے سے متنازع گفتگو کی تھی۔بی جے پی کی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر بھارت اور بیرون ملک شدیدغم وغصےکا اظہارکیا جارہا ہے۔
خلیجی ممالک میں ’بائیکاٹ انڈیا‘ مہم، سپر اسٹورز سے احتجاجاً بھارتی اشیا ہٹا دی گئیں
