بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دبئی، منی لانڈرنگ کے الزام میں انٹرپول کو مطلوب دو بھارتی گرفتار

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی پولیس نے انٹرپول کو مطلوب دو امیر بھارتی نژاد جنوبی افریقی شہریوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان آپس میں بھائی ہیں۔ غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دونوں بھائی جنوبی افریقہ کو منی لانڈرنگ اور فوجداری مقدمات میں مطلوب ہیں جنہیں پیر کو دبئی میں گرفتار کیا گیا۔اَتُل اور راجیش گپتا پر الزام ہے کہ انہوں نے جنوبی افریقہ کے سرکاری ٹھیکے حاصل کرنے اور من پسند وزرا کی تعیناتی کے لیے رشوت دی۔ یہ رشوت جیکب زوما کے 9 سالہ دور صدارت میں دی گئی جن کا اقتدار 2018 میں منظم کرپشن کے الزام پر اختتام پذیر ہوا۔ گپتا برادران زوما کا دھڑن تختہ ہوتے ہی دبئی فرار ہوگئے تھے۔ اپنے بیان میں دبئی پولیس نے کہا کہ انہوں نے انٹرپول کی طرف سے جاری کردہ سُرخ نوٹس پر کارروائی کی۔اب جنوبی افریقہ اور دبئی کی پولیس کے درمیان ملزمان کی حوالگی کا لائحہ عمل طے کیا جارہا ہے۔جنوبی افریقہ کی وزارت انصاف نے گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے لیکن اسے دونوں ملزمان کے کٹہرے میں آنے کی توقعات نہیں۔وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ فی الوقت متحدہ عرب امارات اور جنوبی افریقہ کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان صرف بات چیت ہو رہی ہے۔جنوبی افریقہ کے چیف جسٹس ریمنڈ زونڈو کی سربراہی میں ہونے والی انکوائری کے دوران انکشاف ہوا کہ کس طرح گپتا برادران 1993 میں بھارت سے جنوبی افریقہ آئے اور بڑے پیمانے پر کاروبار کیا۔بعد ازاں ملزمان نے صدر جیکب زوما کی حکومت کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کیے۔ چیف جسٹس کا الزام ہے کہ صدر زوما نے غیرقانونی طور پر اربوں ڈالر کے سرکاری اثاثوں کا کنٹرول گپتا برادران کو دیا۔ایک ہزار صفحات پر مشتمل دستاویز میں جج نے کہا کہ بھارتی نژاد گپتا برادران نے صدر زوما سے سفارش کر کے اہل افسران کو عہدوں سے فارغ کروایا، انتظامی فیصلوں میں مداخلت کی، اپنی پسند کے وزرا کا انتخاب کیا اور بڑی رقم کے ٹھیکے حاصل کرنے کے لیے اثر و رسوخ استعمال کیا۔انٹرپول نے پچھلے سال کہا تھا کہ ملزمان کی کمپنی کو 13 لاکھ پاؤنڈ کا ٹھیکہ دیا گیا تھا، اس رقم سے منی لانڈرنگ کی گئی۔