بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاک فوج کے چیف آف جنرل سٹاف کی کمانڈرپی ایل اے سے ملاقات،دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی:چین کی پیپلزلبریشن آرمی(پی ایل اے) کے کمانڈرجنرل لی کیاومنگ سے پاک فوج کے چیف آف دی جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیرنے پی ایل اے آرمی ہیڈ کوارٹر بیجنگ میں ملاقات کی ۔آئی ایس پی آرکے مطابق ملاقات میںعالمی اور علاقائی صورتحال کو تبدیل کرنے اور دوطرفہ فوجی سے فوجی تعاون کو بڑھانے کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی۔ چیف آف دی جنرل سٹاف نے کراچی میں حالیہ دہشت گردانہ حملے میں چینی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور پاکستان میں چینی شہریوں کی بہتر حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کااعادہ کیا۔ چینی حکام نے چینی باشندوں کی سکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے پاک فوج کی کوششوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان کو دل سے حمایت کا یقین دلایا۔
فریقین نے خطے کے امن اور ترقی کے خلاف کام کرنے والے مشترکہ دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر دفاعی تعاون کے دیگر شعبوں پر بھی غور کیا گیا اور دونوں فریقین نے فوجی تعلیم، تربیت، آلات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
فریقیں نے تجربات کے باہمی اشتراک اور باقاعدہ بات چیت کو بڑھانے کے لیے میکانزم کو مزید ادارہ جاتی بنانے پر اتفاق کیا۔