بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سپین ترقی کے لیے پرعزم شراکت دار کے طور پر پاکستان کے ساتھ ان مواقعوں کو تلاش کرے،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان نے کہا کہ سپین سے ہمارے معزز مہمانوں،ساتھیوں اور دوستوں کو گرمجوشی سے خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور سپین کے بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے،پاکستان اور سپین کے دوطرفہ تعلقات کی بنیاد باہمی احترام، مشترکہ اقدار کے جذبات پر مبنی ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ اس طرح کے وفود کے تبادلے رسمی باتوں سے بہت آگے ہیں۔ہمیں ایک دوسرے سے سیکھنے، دوستی اور تعاون کے بندھن کو مضبوط کرنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔پاکستان اور اسپین کے درمیان دیرینہ تعلقات کو اہم سمجھتے ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک فاصلوں کی وجہ سے الگ ہو سکتے ہیں لیکن ہم اپنی مشترکہ اقدار کی وجہ سے متحد ہیں۔ پاکستان اور اسپین دونوں جمہوریت، امن اور ثقافتی تنوع پر گہرا یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدار ہماری دوستی کی بنیاد ہیں جس پر ہم مزید قریبی تعلقات استوار کر سکتے ہیں اور تعاون کے جذبے میں، بہت سے شعبے ہیں جہاں ہم مل کر کام کر سکتے ہیں۔
سیدال خان نے مزید کہا کہ پارلیمانی ڈپلومیسی کے تحت عوامی روابط کو فروغ دیا جا سکتا ہے اور ارکان پارلیمنٹ کے مابین باقاعدگی سے تبادلہ خیال گورننس کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع فراہم کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثقافتی سطح پر وفود کے میں تیزی لانے سے ایک دوسرے کی روایات، اقدار اور طرز زندگی کو جان سکتے ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے سپین میں حالیہ طوفانی سیلاب کے دوران ہونے والی تباہی اورجانوں کے ضیاع پر ہسپانوی قوم، پارلیمنٹ اور حکومت کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خیالات متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، اور ہم اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے خود بھی سیلابوں کا سامنا کیا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری کو اعتماد پیدا کرنے، ڈائیلاگ کو فروغ دینے اور بامعنی تبادلے کے لیے پلیٹ فارم بنانے کے لیے ایک طاقتور ہتھیار کے طور پر دیکھتے ہیں۔اس مقصد کے لیے پاکستان اسپین پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے، بہت سے ایسے شعبے ہیں جہاں پاکستان اور سپین باہمی فائدے کے لیے تعاون کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے بھی اہم شعبے ہیں، قابل تجدید توانائی، سیاحت اور زراعت جیسے شعبوں میں سپین کی مہارت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ مل کر کام کرنے سے، ہم پائیدار ترقی حاصل کر سکتے ہیں جس سے دونوں ممالک مستفید ہو سکتے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے مزید کہا کہ سپین کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ ترقی کے لیے پرعزم شراکت دار کے طور پر پاکستان کے ساتھ ان مواقعوں کو تلاش کرے۔