بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بشریٰ بی بی کا 14لاکھ کارکن لانے کاٹارگٹ غیرحقیقی

اسلام آباد(طارق محمود سمیر) تحریک انصاف کی طرف سے 24نومبرکو اسلام آباد ڈی چوک میں دی جانے والی احتجاج کی فائنل کال کیلئے عمران خان کی اہلیہ
بشریٰ بی بی نے لاکھوں کارکنوں کو لانے کا ٹارگٹ دے دیا ہے۔ احتجاج سے قبل کوئی بھی رکن اسمبلی گرفتار ہوا یا وہ پارٹی قیادت کی طرف سے دیے گئے ٹارگٹ کے مطابق کارکنوں کو لانے میں ناکام رہا تو اسے پارٹی سے نکال دیا جائے گا، ایک محتاط اندازے کے مطابق اس وقت قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے 75کے قریب ارکان قومی اسمبلی ، خیبرپختونخوا اسمبلی میں 97اور پنجاب اسمبلی میں 120سے زائد ارکان موجود ہیں ،قومی اسمبلی کے ارکان کو دس ہزار اور صوبائی اسمبلی کے ارکان کو پانچ ہزار کارکنوں کو لانے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے ، اس حساب سے دیکھا جائے تو یہ مجموعی تعداد 14لاکھ 35ہزار بنتی ہے،اتنے کارکنوںکو لانا ناممکنات میں سے ہے کیونکہ عمران خان کے بغیر اب تک جتنے بھی احتجاج ہوئے ہیں ان میں پارٹی قیادت کی توقعات پوری نہیں ہوئیں اور اب تک جو تیاریاں جاری ہیں اس حساب سے بھی دیکھا جائے تو اتنے لوگوںکو لانا ممکن نظر نہیں آتا، اگر تحریک انصاف کے ارکان سنجیدگی اور خلوص کا مظاہرہ کر کے ایک سے دو لاکھ کے درمیان کارکنوں کو جمع کرنے میں کامیاب ہوجائیں تو یہ ان کی بڑی کامیابی ہوگی ۔تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت ایک مرتبہ پھر نیا کھیل کھیل رہے ہیں اور اب کھل کر وہ یہ کہہ رہے ہیںکہ بشریٰ بی بی اور علیمہ خان کے کہنے پر تحریک انصاف کے کارکن میدان میں نہیں آئیںگے ،عمران خان کوکال دینا پڑے گی ، شیر افضل شاید یہ بھول رہے ہیںکہ عمران خان کی ہدایت پر ہی علیمہ خان نے یہ اعلان کیا ہے، ویسے شیر افضل مروت سے متعلق چند روز قبل پارٹی کے بانی رہنما سینیٹر حامد خان نے بیان دیا تھا کہ وہ ایجنسیوںکے بندے ہیں ، اس بیان کے بعد پشاورکے مشاورتی اجلاس میں انہیں مدعو نہیںکیا گیا ۔ برطانوی میڈیا میں یہ خبر آئی ہے کہ عمران خان صرف اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے خواہشمند ہیں اور چاہتے ہیںکہ ان سے براہ راست مذاکرات کئے جائیں اور فوج مذاکرات کیلئے تیار نہیں ہے۔عمران خان کی یہ خواہش نئی نہیں ہے وہ 2017میں اس وقت کے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کی مدد سے نوازشریف کے خلاف سازش کرنے میں کامیاب ہوئے اور اقتدار حاصل کیا مگر موجودہ فوجی قیادت عمران خان کی کسی بات پر اعتبارکرنے کو تیار نہیں ہے ،فائنل کال دینے کا مقصد بھی یہی نظر آتا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگ جمع کئے جائیں کہ اسٹیبلشمنٹ دبائو میں آکر ان سے مذاکرات کرے لیکن حال ہی میں 24آئینی ترمیم اور آرمی چیف کی مدت پانچ سال مقررکرنے کے قوانین بننے کے بعد بظاہر حکومت مضبوط ہوئی ہے۔ تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی طویل عرصے بعد عدالت پیشی پر میڈیا میں آئے ، اس مرتبہ انہیں میڈیا سے بات کرنے کا موقع دیا گیا اور ایک اور اچھی بات یہ بھی دیکھی گئی کہ انہیں ہتھکڑی نہیں لگائی گئی اور یہ مناظر ٹی وی اور سوشل میڈیا پر دیکھنے کو ملے ۔کئی حوالوں سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ کوئی نہ کوئی رابطے میں ہے ۔دوسری جانب انہوں نے جہاں تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعلان کیا وہیں پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر ، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ ، قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم سے گلے شکوے بھی کئے اور کہا کہ انہیں آج یہاں موجود ہونا چاہیے تھا ، ملتے کوئی مشاورت ہوتی ، ان کی اس بات میں خاصا وزن ہے کہ بیرسٹرگوہر ، سلمان اکرم راجہ اور عمر ایوب کے علم میں تھا کہ شاہ محمود قریشی کو لاہور میں جی ایچ کیو حملہ کیس میں راولپنڈی انسداد دہشت گردی عدالت میں لایا جارہا ہے لیکن کسی اہم رہنما نے عدالت میں ان سے ملاقات نہیںکی جبکہ عمر ایوب اسی مقدمے میں ملزم کے طور پر عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگوا کر چلتے بنے۔وزیراطلاعات عطاتارڑ نے ایک پریس کانفرنس کرکے 9مئی کے واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج پہلی مرتبہ میڈیا پر جاری کی ہے ، ان واقعات کی جو فوٹیج جاری کی گئی ہے ان میں سے کئی تو پہلے بھی آچکی تھیں تاہم چند مناظر نئے تھے جن میں جی ایچ کیو کے گیٹ سے اندر جاتے اور توڑ پھوڑ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکن نظر آرہے ہیں اس کے علاوہ میانوالی ایئر بیس،مردان اور دیگر مقامات پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حملوںکی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آئی ہیں، عمرایوب ،بیرسٹر گوہر اور دیگر رہنما اکثر یہ مطالبہ کرتے رہے ہیں کہ 9مئی واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر لائی جائیں آج حکومت نے یہ مطالبہ پورا کردیاہے ، اب دیکھتے ہیں یہ رہنما کونسا نیا موقف اختیار کرتے ہیں ، وزیر اطلاعات نے عمران خان سے ان واقعات پر معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا ہے لیکن لگتا ہے عمران خان معافی نہیں مانگیں گے ، جہاں تک وزیراطلاعات کا یہ شکوہ کہ ابھی تک مقدمات کے فیصلے نہیں ہوئے انہیں چاہیے کہ یہ معاملہ وزیر قانون اور اٹارنی جنرل کے ذریعے جوڈیشل کمیشن میں اٹھائیں جس میں چیف جسٹس آف پاکستان اور چاروں ہائیکورٹس کے چیف جسٹس موجود ہوتے ہیں کیونکہ ان مقدمات کا فیصلہ نہ ہونا عدالتی اور پراسیکیوشن نظام پر سوالیہ نشان ہے ۔علاوہ ازیں اسلامی نظریاتی کونسل کی طرف سے ایکس کے استعمال کیلئے وی پی این کے استعمال کو غیر شرعی اور غیر اسلامی قرار دینے کا اعلامیہ سمجھ سے بالاتر ہے،اگر یہ اعلامیہ درست مان لیا جائے تو اس غیر شرعی حرکت کے مرتکب وزیراعظم شہبازشریف، وفاقی وزراء،ارکان پارلیمنٹ اور اخبارنویس بھی شامل ہیں کیونکہ حکومت نے گزشتہ آٹھ ماہ سے ایکس پر پابندی عائد کررکھی ہے اور وی پی این کے استعمال سے ایکس تک رسائی ملتی ہے ،وزیراعظم روزانہ اپنے ٹویٹ وی پی این کے استعمال سے ہی کرتے ہیں ، ہاں البتہ کہیں اس کا غیر قانونی اور شریعت کے منافی استعمال ہورہا ہے تو پی ٹی اے اور ایف آئی اے کو اپنا فعال ادا کرنا چاہیے نا کہ اسلامی نظریاتی کونسل جیسے ادارے سے اس طرح کا اعلامیہ جاری کرایا جائے ۔