لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ڈیجیٹل انقلاب کے تحت پنجاب میں ائیر کوالٹی کے جدید مانیٹرنگ نظام کے قیام میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اعلان کیا کہ فضائی آلودگی کی نگرانی کے لیے لاہور سمیت دیگر شہروں میں 30 ائیر کوالٹی مانیٹرز نصب کیے گئے ہیں، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 25 مانیٹرز نصب کیے جائیں گے۔
لاہور میں مانیٹرز کی تعداد 8 ہو گئی ہے، جو پہلے 3 تھی، جبکہ 5 موبائل مانیٹرز پہلے سے ہی کام کر رہے ہیں۔ لاہور میں نئے مانیٹرز ٹی ایچ کیو کاہنہ، تھانہ جیا بھگا، ٹیچنگ اسپتال شاہدرہ، پنجاب یونیورسٹی، اور وائلڈ لائف پارک رائیونڈ میں نصب کیے گئے ہیں۔ برقی روڈ، پی کے ایل آئی، اور یو ای ٹی میں بھی مانیٹرز نے کام شروع کر دیا ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی مانیٹرز کی تنصیب کی گئی ہے، جن میں راولپنڈی میں تین، فیصل آباد اور شیخوپورہ میں ایک ایک، ملتان اور گوجرانوالہ میں دو دو، سیالکوٹ اور بہاولپور میں دو دو شامل ہیں۔ سرگودھا میں دو اور ڈی جی خان میں ایک مانیٹر رواں ماہ کے آخر تک فعال ہو جائیں گے۔
تمام مانیٹرز ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک ہیں اور فضائی معیار کے عالمی (اے کیو آئی) نظام سے جڑے ہوں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس جدید ڈیجیٹل نظام سے ائیر کوالٹی کی مسلسل نگرانی، بروقت آلودگی کا پتہ لگانے، اور درست ڈیٹا کی فراہمی ممکن ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے عوام کو حقائق تک رسائی ملے گی، اور تحقیق کرنے والوں کو ڈیٹا دستیاب ہوگا۔ یہ نظام فضائی آلودگی کے حل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔









