بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دھرنے کے شہدا کے خون کے حساب تک حکومت سے بات چیت نہیں ہوسکتی، سلمان اکرم راجہ

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ اس وقت اسٹیبلشمنٹ سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے اور دھرنے کے شہدا کے خون کے حساب تک حکومت سے بھی بامعنی بات چیت نہیں ہوسکتی۔
وی نیوز کے مطابق ایک ٹی وی انٹرویومیں سلمان اکرم راجہ نے کہا بانی چیئرمین عمران خان سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات میں استعفے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی اور وہ بدستور اپنے عہدے پر ہی کام کر رہے ہیں۔
ان کاکہناہےکہ ان کی پارٹی اسلام آباد دھرنے کے شرکا کی شہادت کے خلاف ایف آئی آر درج کروائے گی اور پارلیمنٹ میں بھی اس مسئلے کو اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا  دھرنے میں ہماری طرف سے کوئی گولی نہیں چلی معلوم نہیں ہمارے جوانوں پر کس فورس نے گولی چلائی تاہم احتجاج کی کوئی نئی تاریخ تاحال نہیں دی گئی  ۔
ایک سوال پرانہوں نے بتایا کہ مراد سعید کو دھرنے میں قطعاً نہیں دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو دھرنے کے لیے جس نوعیت کی منصوبہ بندی کرنا چاہیے تھی وہ نہیں ہوئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کے آئندہ پارٹی رول کو عمران خان طے کریں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو زہر دینے سے متعلق افواہوں اور بیانات میں کوئی صداقت نہیں۔
ان کاکہناہے کہ 2 ڈھائی ماہ سے بچوں سے بات نہیں کرنے دی جارہی جبکہ ان کو اخبار و ٹی وی کی سہولت کی فراہمی بھی بند کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا ملاقات میں بانی پی ٹی آئی 24 نومبرکی صورتحال پر پریشان تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملاقات میں عمران خان نے پنجاب کے ورکرز کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو ہر طرح کی رکاوٹوں کے باوجود اسلام آباد کے ڈی چوک پہنچے۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ دھرنے سے لاپتا افراد سے متعلق درست اعدادوشمار پارٹی کے پاس موجود نہیں ہیں۔