اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ملاقات کی، جس میں ملکی مجموعی و سیاسی صورتحال اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق قانون سازی پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم نے ایوان بالا کے کردار کو قومی یکجہتی اور صوبائی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی میں سینیٹ کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
ملاقات میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ملکی معیشت کی بحالی کے لیے حکومت کی کاوشوں کو سراہا اور وزیراعظم کے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے اقدامات کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر تمام اداروں پر زور دیا کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔








