ماسکو(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے ماسکو میں روس کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ مسٹر رومان اسٹارووائٹ سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن کے 9ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی، جس کی مشترکہ صدارت کےلیےوفاقی وزیر سردار اویس لغاری ماسکو میں موجود ہیں۔
ملاقات میں دو طرفہ رابطوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا، جسے دونوں رہنماؤں نے نہ صرف پاکستان اور روس بلکہ پورے خطے کے لیے فائدہ مند قرار دیا۔ دونوں وزراء نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جاری اور ممکنہ منصوبوں، بشمول سڑک، ریل اور فضائی رابطوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر سردار اویس لغاری نے پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہا اور اسے خطے کی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے روسی وزیر رومان اسٹارووائٹ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جسے بخوشی قبول کیا گیا۔
دونوں فریقین نے باہمی رابطے کو مضبوط بنانے اور تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور روس کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔








