اسلام آباد(اصغر چوہدری)قومی اسمبلی کے ینگ پارلیمنٹیرین فورم (YPF) کے وفد کی صدر وائی پی ایف سیدہ نوشین افتخار کی قیادت میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے قومی اسمبلی کے ینگ پارلیمنٹہرین فورم کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ملاقات میں قانون ساز اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے، نوجوانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے اور نوجوانوں کو درپیش سماجی چیلنجز کا حل کرنے، سیاسی پولرائزیشن سے نجات حاصل کرنے اور جعلی خبروں کے سدباب سے متعلق کردار ادا کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ینگ پارلیمنٹیرین فورم کی طرف سے نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ایشیاء کی پہلی حکومت ہے جس نے سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر نو کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ایشیاء کا سب سے طویل 32 کلومیٹر پل تعمیر کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سندھ حکومت کے عزم کو دہرایا کہ سندھ حکومت صوبے کے تمام افراد بالخصوص متوسط طبقے کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کی آبادی کا ایک بڑا حصہ ہیں اور ملکی ترقی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں کے درمیان تعاون سے مشترکہ چیلنجز سے نبٹنے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے سندھ اسمبلی میں ینگ پارلیمنٹیرین فورم کے قیام کو نوجوان سیاسی رہنماؤں کو بااختیار بنانے کی جانب ایک قابل تحسین قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی ہم آہنگی پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ینگ پارلیمنٹیرین فورم نوجوانوں کے مسائل حل کرنے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے سندھ حکومت کے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کو یقینی بنانے، صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے اور عوام کو بنیادی خدمات فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
ینگ پارلیمنٹیرین فورم کی صدر سیدہ نوشین افتخار نے وزیر اعلیٰ سندھ کا انکے وفد کا پرتپاک استقبال اور ان کے لیے تعریفی کلمات کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ینگ پارلیمنٹیرین فورم ایک اہم پلیٹ فارم ہے جو نوجوانوں کے مسائل کو حل کرنے اور آگاہی پیدا کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے قومی ترقی کے لیے نوجوانوں کی صحیح سمت میں رہنمائی اور تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ینگ پارلیمنٹیرین فورم سیاسی پولرائزیشن کا مقابلہ کرنے، جعلی خبروں کے سدباب اور نوجوانوں کو آگاہی کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے مصروف عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیمینارز اور مباحثے نوجوانوں میں آگاہی پیدا کرنے اور سماجی پولرائزیشن کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے جعلی خبروں اور غلط معلومات کا مؤثر طریقے سے سدباب کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی اسمبلیوں میں آہنگی کو فروغ دینا ضروری ہے۔ ملاقات کا اختتام نوجوانوں کو بااختیار بنانے، قانون ساز اداروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کے بارے میں اتفاق رائے کے ساتھ ہوا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے قومی اسمبلی کے ینگ پارلیمنٹرین فورم کے وفد کی ملاقات








