بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی کا گورنر کے پی کی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

پی ٹی آئی نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی کل 5 دسمبر کو گورنر ہائوس میں کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا  ۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کے مطابق گورنر کی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ پرامن شہریوں کے قتلِ عام میں سہولت کاری اور سیاسی اجرت کے عوض قاتلوں کی ہم نوائی کے پیشِ نظر کیا گیا۔
ان کاکہناتھا کہ پیپلزپارٹی تحریک انصاف پر پابندی کے مذموم حکومتی ایجنڈے کی سرگرم پشت پناہ ہے، جس نے بلوچستان اسمبلی سے پابندی کی قرارداد کی منظوری میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی خصوصاً سندھ میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی غیرقانونی پکڑ دھکڑ اور ان کی بدترین ہراسگی میں مصروف ہے ، دوسری جانب نمائشی کانفرنس کرکے جمہوریت نوازی کا تاثر دینا چاہتی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پی پی کا خیبرپختونخوا میں کوئی مینڈیٹ نہیں ہے، خیبرپختونخوا کے عوام کی نمائندگی تحریک انصاف کے پاس ہے ، پی ٹی آئی ذمہ داری کو بخوبی سرانجام دے رہی ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ صوبے کے عوام کے ایشوز کے حل پر پختونخوا حکومت سنجیدہ ہے بلکہ وفاق کی معاونت کے بغیر بھی معاملات کو مؤثر انتظامی اقدامات سے حل کررہی ہے۔ صوبے میں منعقدہ پختون اور کرم جرگہ اس کی کلیدی مثالیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گورنر کسی معاملے پر سنجیدہ تجاویز خیبرپختونخوا حکومت کو بھجوائیں گے تو پی ٹی آئی حکومت اسے زیر غور لائے گی۔