راولپنڈی(نیوز ڈیسک)راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں کمرہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان اور وکلا بیرسٹر گوہر خان اور بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کے درمیان تکرار ہوئی۔ یہ تکرار ڈی چوک احتجاج کے دوران شہادتوں کی تعداد کے بارے میں متضاد بیانات پر ہوئی۔علیمہ خان نے بیرسٹر گوہر سے سوال کیا کہ وہ 12 شہادتوں کی تعداد ہی کیوں بتا رہے ہیں، جس پر بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ ان کے پاس صرف 12 شہادتوں کی مصدقہ تفصیلات ہیں اور وہ غیر تصدیق شدہ تعداد کو کیسے نشر کر سکتے ہیں۔ علیمہ خان نے سوال اٹھایا کہ کیا پارٹی کو لاپتہ کارکنوں کی تعداد کا علم ہے، جس پر بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ اس حوالے سے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو تحقیقات کر رہی ہیں۔بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے بیرسٹر گوہر کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی تمام معلومات اکٹھی کر رہی ہے اور یہ معاملہ نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں پیش ہونے والے کارکنان کو لاپتہ قرار دینا غیر مناسب ہوگا۔بیرسٹر گوہر نے غیر مصدقہ شہادتوں کی تعداد نشر کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف مصدقہ معلومات پر انحصار کر سکتے ہیں۔ علیمہ خان نے سوال کیا کہ آیا وکلا نے زخمی یا شہید کارکنان کے گھر جا کر ان کے خاندانوں سے ملاقات کی ہے، جس پر سلمان اکرم راجہ نے معاملے کی حساسیت کو تسلیم کیا اور کارکنان کے ساتھ انصاف کا یقین دلایا۔
علیمہ خان اور وکلا کے درمیان شہادتوں کی تعداد پر تکرار








