سینیٹر فیصل واوڈا کی جمعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں مدارس رجسٹریشن بل پر اہم بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں سینیٹر کامران مرتضیٰ اور مولانا اسعد محمود بھی موجود تھے۔
دوران ملاقات سینیٹر فیصل واوڈا نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی، علاوہ ازیں، ملاقات میں ملکی سیاسی ومجموعی صورتحال پر بھی مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے بعد فیصل واوڈا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا افضل الرحمان کا بہت بڑا فین ہوں، میں یہاں کسی مقصد یا مفاد کیلئے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی ہے۔
ان کاکہناتھاکہ پرو اسٹبلشمنٹ بھی ہوں اور پرو جوڈیشری بھی،بانی پی ٹی آئی کو بچانے کی کوشش کررہاہوں۔
دریں اثناایک انٹرویومیں سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ اگر پاکستان کو بچانا ہے تو 2 طلاقیں ضروری ہیں. پاکستان کو بچانے کے لیے ایک طلاق سسٹم ن لیگ کو دے اور ایک طلاق بانی پی ٹی آئی نے دینی ہے، سیاسی طلاق کی بات کررہا ہوں۔ اگر بانی پی ٹی آئی قابل قبول نہیں تو(ن) لیگ بھی نہیں۔
انھوں نے کہا کہ حکومت نے اسمارٹ کھیلا اور ریاست اور پی ٹی آئی کو آمنے سامنے لا کھڑا کیا،اسٹیبلشمنٹ نے پہلے نہ آج بانی سے رابطہ کیا ہے مریم نواز کہتی ہے پی ٹی آئی کچرہ ہے تو پھر وہ پہلے اپنی پارٹی میں سیاسی کچرے کو صاف کریں۔ ن لیگ کا وطیرہ ہے کہ ہمیشہ کسی ایک زبان والوں پر حملہ کرتی ہے، یہ سنجیدہ مسئلہ ہے کہ شناختی کارڈ دیکھ کرمعصوم پختونوں کو اٹھایا جارہا ہے۔ یہ ظلم کی بات ہے، پٹھان بھی اتنے ہی پاکستانی جتنے سندھی، پنجابی، بلوچی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس حوالے سے جھوٹ بول رہی ہے تحریک انصاف کی لڑائی ریاست کیساتھ ہے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ احتجاج کے دوران تین رینجرزاہلکار شہید ہوئے، حکومت ان کا بھی دفاع نہیں کرپا رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ گنڈا پور بشری بی بی کو گرفتار کروائیں گے اور وہ یہی بات طے کر کے اسلام آباد سے لے کر گئے ہیں۔
حکومت کا بوجھ ہی انہیں لے ڈوبے گا، معاشی بہتری کا کریڈٹ حکومت نہیں ایس آئی ایف سی کوجاتا ہے۔








