اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے شیخوپورہ میں پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی-139 پر مسلم لیگ ن کے امیدوار کی واضح برتری پر رانا طاہر کو مبارکباد دی۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ پی پی-139 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کی کامیابی عوام کے پارٹی کی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے 4.9 پر آنا، عام آدمی کی زندگی میں آسانی، اور ملکی معاشی اعشاریوں میں بہتری کی بدولت پی پی-139 کے عوام نے ترقی اور خوشحالی کے حق میں اپنا فیصلہ سنایا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ پی پی-139 کے ضمنی انتخاب میں عوام نے انتشار کی بجائے ترقی و خوشحالی کے حق میں اپنا فیصلہ سنایا اور جلاؤ گھیراؤ کے بیانیے کو مسترد کر دیا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور اللہ کے فضل و کرم سے، قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں عوامی خدمت کے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائد میاں نواز شریف کی قائدانہ سوچ اور پارٹی ورکرز کی محنت کی بدولت یہ فتح حاصل ہوئی۔
وزیرِاعظم نے یہ بھی کہا کہ پنجاب کی وزیرِ اعلی مریم نواز بھی عوام کی خدمت اور صوبے کی ترقی میں مصروف عمل ہیں اور عوام نے ملک میں حقیقی معاشی ترقی لانے والوں کو منتخب کیا ہے۔ انشاء اللہ، ملک کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے محنت جاری رکھی جائے گی۔








