بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نصیر الدین شاہ نے گستاخانہ بیان پر خاموش رہنے والے بالی ووڈ خانز کیلئے کیا کہا؟

ممبئی (نیوز ڈیسک)بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار نصیر الدین شاہ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی معطل رہنما نوپور شرما کے پیغمبرِ اسلامﷺ کے خلاف گستاخانہ بیان پر خاموشی اختیار کرنے والے اسٹار شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کے بارے میں بات کی ہے۔

بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں نصیرالدین شاہ نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ وہ سوچتے ہیں کہ اگر اُنہوں نے گستاخانہ بیان کے خلاف اپنی آواز بُلند کی تو اُن کے لیے خطرات درپیش ہوں گے لیکن میں نہیں جانتا کہ وہ اس کے بارے میں اپنے ضمیر کو کیسے سمجھائیں گے‘۔

نصیر الدین شاہ نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ وہ اس پوزیشن میں ہیں جہاں ان کے پاس کھونے کے لیے بہت کچھ ہے‘۔

اُنہوں نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے منشیات کیس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’شاہ رخ خان کے ساتھ کیا ہوا اور جس وقار کے ساتھ انہوں نے اس کا سامنا کیا وہ قابلِ تعریف ہے‘۔

اداکار نے مزید کہا کہ ’اس ملک میں کوئی بھی اپنی آواز بُلند کرتا ہے تو اسے جواب میں نقصان پہنچایا جاتا ہے، شاید میں اگلا ہوں‘۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نصیر الدین شاہ نے کہا تھا کہ امن اور اتحاد کی بات کرنے پر جیل بھیجا جاتا ہے جبکہ نسل کشی کی بات پر صرف تھپڑ مارا جاتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بھارت میں نفرت پھیلانے کا ذمے دار ٹیلی ویژن اور سوشل میڈیا ہے۔