بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 پی ٹی آئی دورمیں قرضوں میں کتنااضافہ ہوا؟مریم اورنگزیب نے شوکت ترین کی پریس کانفرنس کی ویڈیوشیئرکردی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی نیوز پیکیج کی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کہاکہ شوکت ترین صاحب نے آخر کار اعتراف کر ہی لیا کہ عمران صاحب نے چار سال کی حکومت میں 20 ہزار ارب روپے کا قرض لیا جو تاریخ پاکستان میں لیے گئے مجموعی قرض کا 76 فیصد ہے، ایسے بہت سے اعتراف ابھی عمران صاحب نے کرنے ہیں۔
ویڈیو کلپ میں شوکت ترین کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس دکھائی گئی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت کہتی ہے کہ پاکستان بننے سے اب تک کے قرضوں کے مقابلے میں پی ٹی آئی نے 80 فیصد اضافہ کیا ہے، پی ٹی آئی کے چار سالوں میں قرضوں میں 80 فیصد کا نہیں بلکہ 76 فیصد کا اضافہ ہوا۔
ادھر پاکستان تحریک انصاف کے فواد چوہدری نے مریم اورنگزیب کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب آپ ہر وقت ‘کینڈی کرش ہی کھیلتی رہیں گی تو اسی طرح کی احمقانہ گفتگو کریں گی، یہ ایک موبائل گیم ہے، واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا کہ حکومت سنجیدہ نہیں ہے کیونکہ مریم اورنگزیب پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کے دوران ویڈیو گیم کھیل رہی تھیں۔
فواد چوہدری نے دوسری ٹوئٹ میں کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کل قرض 52 ارب ڈالر لیا اس میں سے 38 ارب ڈالر آپ کی حکومتوں کے لئے گئے قرض کی واپسی کی، اگر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ پسند نہیں تو بھکاری حکومت آئی ایم ایف بورڈ میں کیا لینے جاتی ہے؟
بعدازاں ٹوئٹ میں انہوں نے پاکستان کے غیر ملکی قرضوں کا بریک ڈاؤن دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی قرضے 09-2008 میں 45 ارب ڈالر، 19-2018 میں 70.5 ارب ڈالر جبکہ مارچ 2022 میں 88 ارب ڈالر تھے۔
ادھر شوکت ترین نے پی ٹی آئی حکومت کی معاشی کارکردگی کو پچھلے 30 سالوں کی بہترین کارکردگی قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو دھوکا دینا چھوڑ دیں، آپ سچ جانتے ہیں، آپ کی حکومت کی بدترین کارکردگی پچھلے 8 ہفتوں سے واضح ہے۔
انہوں نےکہا کہ سابقہ حکومت معاشی نمو میں جامع اور پائیدار بنیادوں پر اضافے کے لیے اچھے راستے پر چل رہی تھی، حالانکہ عالمی منڈی میں اشیا کی قیمتیں بہت بلند تھیں۔ انہوں نے کہا کہ نہیں جانتے کہ ہمیں کیوں ہٹایا گیا۔دوسرے ٹوئٹ میں شوکت ترین نے دعویٰ کیا کہ کووڈ کے باوجود جب دنیا بھر میں ٹیکس کا دباؤ بڑھ گیا پی ٹی آئی کی حکومت نے قرضوں میں 76 فیصد اضافہ کیا، پی ایم ایل (ن) نے اپنے دور حکومت میں قرضوں میں 79 فیصد اضافہ کیا۔