اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے عالمی سطح کے بڑے فٹ بال میچز میں 5 متبال کو مستقل استعمال کرنے کی اجازت دے دی ۔فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو نے کہا کہ یہ قانون کورونا کے دوران استعمال کی گیا تھا، مگر اب پوری فٹ بال کمیونٹی نے اس قانون کو مستقل بنیادوں پر نفاذ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، جو منظور کر لیا گیا ہے۔ فٹ بال کی رولز باڈی نے پیر کو کہا کہ تمام ٹاپ گیمز کے لیے پانچ متبادل مستقل طور پر متعارف کرائے جائیں گے اور یہ کہ ایک خودکار آف سائیڈ ڈیٹیکٹر اس سال کے ورلڈ کپ کے لیے متعارف کرائے جانے کے قریب ہے۔ فیفا کے صدر گیانی نے انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشنز بورڈ کے سالانہ اجلاس کے بعد کہا کہ ماہرین اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ آیا 21 نومبر سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے سیمی آٹومیٹک آف سائیڈ ڈٹیکشن کا استعمال کیا جائے گا۔ فیفا کے ریفریز کے سربراہ پیئرلوگی کولینا نے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ 32 ممالک کے ٹورنامنٹ کے لیے یہ نظام بروقت متعارف کرایا جائے گا۔ یہ نظام کھلاڑیوں کے اعضاء پر 29 ڈیٹا پوائنٹس کی نگرانی کرتا ہے تاکہ ایک سہ رخی ماڈل بنایا جا سکے جس کا ریفری کے ذریعے جائزہ لیا جاتا ہے۔اس کا تجربہ گزشتہ سال دوحہ میں ہونے والے فیفا عرب کپ اور فروری میں ہونے والے کلب ورلڈ کپ میں کیا جا چکا ہے۔ انفانٹینو نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ‘ہم اب تک بہت مطمئن ہیں اور ہمارے ماہرین یہ فیصلہ کرنے سے پہلے اس کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا اسے ورلڈ کپ کے لیے متعارف کرایا جائے گا یا نہیں۔اسے سرکاری طور پر سیمی آٹومیٹک کے نام سے جانا جاتا ہے کیونکہ یہ اب بھی ریفری ہوگا جو آف سائیڈ فیصلے پر حتمی فیصلہ کرتا ہے۔ پانچ متبادل کو مستقل کرنے کے ساتھ ساتھ، آئی ایف اے بی نے کہا کہ ٹیمیں اب ٹیم شیٹ پر 12 کے بجائے 15 متبادل کا نام دے سکتی ہیں۔آئی ایف اے بی نے کہا کہ میچ آفیشلز پر بڑھتے ہوئے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ریفریز پر باڈی کیمروں کے ساتھ ٹرائل شروع کیے جا سکتے ہیں۔آئی ایف اے بی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ میچز کے دوران ریفریوں کے لیے احترام کی کمی اور ان کی حفاظت کو عالمی مسائل کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔
فیفا نے بڑے میچز میں 5 متبادل کے مستقل استعمال کی منظوری دے دی
