نئی دہلی(نیوز ڈیسک)بھارت اپنے جنگی جنون اور خطے میں برتری کے عزائم کے تحت آئندہ 5سے6برس میں روس کے تعاون سے براہموس ایرواسپیس ہائپرسونک میزائل بنائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سی ای او اور ایم ڈی براہموس ایرو سپیس اتل رانے نے نئی دلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت اور روس مشترکہ طورپر آئندہ 5سے6برس میں برہموس ایرو سپیس ہائپر سونک میزائل بنالیں گے۔
انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے جدید ترین فوجی شراکت داری کے پروگراموں میں سے ایک میں دنیا کا سب سے طاقتور اورجدید درستگی سے مار کرنے والے براہموس میزائل کی تیاری ہے۔ اتل رانے نے کہا کہ دونوں ملکوں نے یوپی ڈیفنس انڈسٹریل کوریڈورکے ایک حصے کے طور پر لکھنو میں نئی جدید ترین براہموس مینوفیکچرنگ سہولت پر کام شروع کر دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ براہموس کے انتہائی جدید نیکسٹ جنریشن ہتھیاروں کے نظام کے ڈیزائن، تیار کرنے اور بنانے کا منصوبہ ہے۔ براہموس ایرو سپیس کو 300 کروڑ روپے کی ابتدائی سرمایہ کاری کے ساتھ ایک نیا مینوفیکچرنگ حب قائم کرنے کے لیے اتر پردیش میں تقریبا 80 ایکٹر زمین دی گئی ہے۔ کمپنی 2024کے وسط تک ہر سال 80سے100 براہمواس سسٹم تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ مرکز آئندہ تین سے پانچ برس میں براہموسـاین جی میزائل کو بڑے پیمانے پر بنانے کے لیے تیار ہو گا۔
واضح رہے کہ براہموس سپرسونک کروز میزائل بھارتی بحریہ 2005 سے، فوج 2007سے اور فضائیہ 2020سے استعمال کررہی ہے۔