لاہور(نیوز ڈیسک) کامن ویلیتھ گیمزکے لیے پاکستانی دستے کو حتمی شکل دے دی گئی، ایک سو چار رکنی دستہ 28 جولائی سے برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرے گا۔
سیکرٹری پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن خالد محمود کےمطابق 70 ارکان کے سفری اور دیگر اخراجات پاکستان اسپورٹس بورڈ اٹھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بیس رکنی ویمن ٹیم کے ٹریولنگ انتظامات پی سی بی کے ذمہ ہیں،باقی اتھلیٹس اورآفیشلز پی او اے کے خرچ پر برمنگھم جائیں گے۔گیمز کی تیاری کے لیے زیادہ تر کیمپس پہلے ہی جاری ہیں، بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس ٹیموں کے کیمپ بھی لگ چکے ہیں، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ساتھ رابطے ہیں، یقین ہے کہ اگلے ہفتے تمام سفری انتظامات بھی مکمل ہوجائیں گے۔
خالد محمود کا کہنا تھا کہ ویمن کرکٹ، ہاکی، ریسلنگ، جوڈو، باکسنگ اور اتھیلٹکس میں ارشد ندیم سے میڈلز کی بہت توقعات ہیں۔ ویٹ لفٹنگ کے تین کھلاڑی دستے کا حصہ ہیں، ان سے بھی میڈلز کی امیدیں ہیں۔
سیکرٹری پی او اے کے مطابق ڈوپنگ سیمینار بہت کامیاب رہا، اس سے تمام شرکا کو ڈوپنگ کے حوالےسے آگاہی فراہم کردی گئی ہے۔یقین ہے کہ ان گیمز میں کسی پاکستانی کھلاڑی کا ڈوپ ایشو سامنے نہیں آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ کی ذمہ داری اینٹی ڈوپنگ آف پاکستان کے ڈاکٹر وقار کے سپرد کردگئی ہے،فیڈریشنز اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کی معاونت سے ڈوپ ٹیسٹ لیے جائیں گے۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے بھی کچھ ڈوپنگ کٹس منگواکردی ہیں۔