اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت کا پیٹرول بم کے بعد سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے نام پر عوام کو بجلی کا ایک اور جھٹکا ، 1 روپے 55 پیسے فی یونٹ مہنگی،بجلی کے بلوں پردی گئی سبسڈی بھی ختم کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سہہ ماہی بنیادوں پر صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 55 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ۔ اس ضمن میں جاری اعلامیہ کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، عوام سے جولائی سے ستمبر تک بجلی کے بلز میں اضافی رقم وصول کی جائے گی۔نیپرا کا کہنا ہے کہ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے سوا ملک بھر کے تمام بجلی صارفین پر ہوگا۔نیپرا اتھارٹی نے بجلی کمپنیوں کی درخواست پر سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، نیپرا نے اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کیا۔ خیال رہے کہ نیپرا نے گزشتہ روز بھی 3 ماہ کیلئے بجلی 42 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی۔دوسری جانب نجی ٹی وی کے مطابق شہباز شریف حکومت نے سابق حکومت کی طرف سے بجلی کے بلوں پر دی گئی سبسڈی بھی ختم کر دی۔ اس سبسڈی کے خاتمے کے حوالے سے پاور ڈویژن کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔پاور ڈویژن کی طرف سے اس نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی طرف سے 5روپے فی یونٹ کا جو ریلیف دیا گیا تھا، وہ ختم کر دیا گیا ہے۔
حکومت کا عوام کو ایک اور جھٹکا،بجلی مزید 1.55پیسے یونٹ مہنگی،بلوں پر سبسڈی بھی ختم








