اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کی ایکسرے رپورٹ آگئی، ان کے ہاتھ اور پیروں میں متعدد فریکچر، پھیپھڑے بھی متاثر ہوئے ۔ ایکسرے رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ دانیال عزیز کے دائیں بازو کے اوپر والے حصے میں تین ہڈیاں ٹوٹی ہیں جب کہ دائیں گھٹنے سے نیچے دو جگہ فریکچر ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق لیگی رہنما کی پسلیوں میں بھی فریکچر ہوا ہے جس کے باعث ان کے پھیپھڑے بھی متاثر ہوئے۔ واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز گزشتہ روز بھجنہ کے قریب ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے تھے اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ بھجنہ سٹاپ کے قریب مخالف سمت سے آنے والا ٹرک ٹائر پھٹنے کے باعث دانیال عزیز کی گاڑی سے ٹکرا گیا تھا جب کہ ٹرک الٹنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ دانیال عزیز کو ابتدائی طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال نارووال منتقل کیا گیا تھا بعد ازاں انہیں سروسز اسپتال منتقل کیا گیا۔
دانیال عزیز کے ہاتھ پاؤں میں متعدد فریکچر، پھیپھڑے بھی متاثر ہوئے








